تعلیم اور صحت کے شعبوں کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے ،وزیراعلیٰ جام

  • September 5, 2018, 11:26 pm
  • National News
  • 200 Views

کوئٹہ (خ ن ) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے ان شعبوں کو سیاسی دباؤ اور مداخلت سے آزاد کیا جائے گا، اگر حکومت اور اپوزیشن مل کر ان شعبوں کی بہتری کے لئے کام کریں تو بہتر نتائج مل سکتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے پارلیمانی گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے رکن صوبائی اسمبلی ثناء بلوچ کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران تعلیم، صحت، آبنوشی اور دیگر سماجی شعبوں میں عوام کو درپیش مسائل اور ان کے حل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پارلیمانی گروپ کے اراکین نے وزیراعلیٰ کو سریاب اور کوئٹہ کے دیگر نواحی علاقوں سمیت صوبے کے دیگر حصوں میں بجلی ،گیس اور پانی کی عدم دستیابی، اسکولوں اور کالجوں میں اساتذہ اور سبجیکٹ سپیشلسٹ کی کمی، صفائی کی صورتحال اور دیگر عوامی مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ عوام کو درپیش مسائل اور مشکلات سے نہ صرف بخوبی آگاہ ہیں بلکہ ان مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات کو بھی فوری طور پر یقینی بنانا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ کے پہلے اجلاس میں تعلیم اور صحت کے شعبوں کی بہتری کے لئے اہم نوعیت کے فیصلے بھی کئے گئے ہیں جن پر جلد عملدرآمد کا آغاز ہوگا اور عوام مثبت تبدیلی دیکھ سکیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کابینہ نے یونین کونسل کی سطح پر کم از کم ایک گرلز ہائی اسکول اور ایک بوائز ہائی اسکول کے قیام کو لازم قرار دیا ہے جبکہ اسکولوں کی کلاس فور کی آسامیوں پر صرف ان علاقوں کے مقامی لوگوں کو بھرتی کیا جائے گا، وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم صوبے کے تمام علاقوں کی یکساں بنیادوں پر ترقی کی پالیسی بنائیں گے، رواں مالی سال کی پی ایس ڈی پی کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا اور عوامی نمائندوں کے تحفظات کو دور کرتے ہوئے پی ایس ڈی پی کو زیادہ متوازن اور حقیقی بنایا جائے گا، بی این پی (مینگل) کے پارلیمانی گروپ نے صوبے کی ترقی اور دیرینہ مسائل کے حل کے لئے وزیراعلیٰ کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔