اے این نے سینٹ کے ضمنی انتخابات میں سرفراز بگٹی کی حمایت کردی

  • September 4, 2018, 11:44 pm
  • National News
  • 355 Views

کوئٹہ ( این این آئی)عوامی نیشنل پارٹی نے بلوچستان سے سینٹ کی خالی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار میر سرفراز بگٹی کی حمایت کردی جبکہ وزیراعلیٰ جام کمال اور اصغرخان اچکزئی کی قیادت میں د ونوں جماعتوں نے بلوچستان کے دیرینہ مسائل کے حل ، عوامی حقوق کے حصول اور صوبے میں تعمیر و ترقی کے سفر کو تیز کرنے کے لئے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ مخلوط صوبائی حکومت صوبے میں گڈ گورننس کو یقینی بناتے ہوئے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرے گی۔ منگل کی شام وزیراعلیٰ میر جام کمال کی قیادت میں بلوچستان عوامی پارٹی کے نمائندہ وفد نے ارباب ہاؤس کوئٹہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر و بلوچستان اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر اصغرخان اچکزئی کی قیادت میں اے این پی قائدین سے ملاقات کی۔ رکن بلوچستان اسمبلی سردار عبدالرحمان کھیتران ، میر سرفراز بگٹی اور میر عامر رند بھی وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ تھے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء4 ڈاکٹر عنایت اللہ خان ، نواب ارباب عبدالظاہر کاسی ،صوبائی وزیر انجینئر زمرک خان اچکزئی نظام الدین کاکڑ ، ملک نعیم خان بازئی ، نوابزادہ عمر فاروق کاسی ، سیدا میر علی آغا اور مابت کاکا موجود تھے۔ ملاقات میں دونوں جماعتوں کے قائدین نے ملکی سیاسی صورتحال ، بلوچستان کے حالات اور سینٹ کے ضمنی انتخاب پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی نے صوبے سے ایوان بالا کی خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخاب میں بلوچستان عوامی پارٹی کے نامزد امیدوار میر سرفراز بگٹی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے بی اے پی کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی جس پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے اے این پی کے قائدین کا شکریہ ادا کیا۔