صدر کا عہدہ وفاق پاکستان کی علامت ہے ، وزیراعلیٰ

  • September 4, 2018, 11:43 pm
  • National News
  • 72 Views

کوئٹہ(این این آئی) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے نومنتخب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ان کی کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے ایک تہنیتی بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صدر کا عہدہ وفاق پاکستان کی علامت ہے اور یقیناًنومنتخب صدر فیڈریشن کے استحکام اور وفاقی اکائیوں کے مابین یکجہتی کے فروغ کی اپنی آئینی ذمہ داریاں احسن طریقے سے پوری کرتے ہوئے ملک کو مضبوط اور مستحکم بنائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ صدر کے انتخاب کے جمہوری عمل میں تمام سیاسی جماعتوں نے بھرپور طریقے سے حصہ لیا اور اپنے اپنے امیدوار کو ووٹ دیئے، ہار اور جیت جمہوری عمل کا حصہ ہے ، ڈاکٹرعارف علوی اکثریت حاصل کرکے کامیاب ہوئے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ نومنتخب صدر سلجھے ہوئے تجربہ کار سیاستدان اور نفیس شخصیت کے مالک ہیں جو بلاتفریق تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ نومنتخب صدر نہ صرف بلوچستان کے مسائل سے آگاہ ہیں بلکہ وہ صوبے کی پسماندگی کے خاتمے کا عزم بھی رکھتے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ وہ ملک کے آئینی سربراہ کی حیثیت سے چھوٹے صوبوں خاص طور سے بلوچستان کو خصوصی توجہ دے کر صوبے کے مسائل کے حل میں اپنا بھرپور کردار اداکریں گے۔ وزیراعلیٰ نے نومنتخب صدر کی کامیابیوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔