حکومت امریکی غلامی کا طوق گلے سے اتار پھینکے،جماعت اسلامی

  • September 4, 2018, 11:43 pm
  • National News
  • 90 Views

کوئٹہ (پ ر) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ امریکی وزیرخارجہ مسٹرپومیوکے دورے سے قبل امریکہ کی جانب سے بقیہ کولیشن سپورٹ فنڈ زاور امداد روکنا درحقیقت دباؤ بڑھانے کا حربہ ہے نئی حکومت ڈومور کے مطالبیکو مسترد کردے اور ملک وقوم کو امریکہ جنگ میں نہ جھونکے۔واشنگٹن سے تعلقات اس وقت تک بہتر نہیں ہوسکتے جب تک اعتماد بحال اور مفادات کا تحفظ دوطرفہ نہ ہو۔ ماضی کے حکمرانوں نے امریکی امداد کے چکروں میں ملک وقوم کو دہشتگردی کی نام نہاد جنگ کی آگ میں دھکیل دیا تھا جس کا خمیازہ آج تک بھگت رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئی حکومت کو امریکی غلامی کا طوق گلے سے اتارنا ہوگا۔کشکول پکڑ کر دنیامیں بھیک مانگنے کا سلسلہ اب بند ہونا چاہئے،اس طرزعمل سے پوری دنیا میں رسوائی ہورہی ہے اور قرض کی رقم میں بھاری سود دینا پڑتاہے اور یہ رقم عوام کی ترقی کے بجائے کرپشن اور قرض دینے والوں کے ناروامطالبوں کی نذر ہوجاتی ہے ۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے الیکشن سے قبل آئی ایم ایف اور بیرونی امداد نہ لینے کا اعلان کیا تھا،اب وقت آگیاہے کہ وہ قوم کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پوراکریں۔اگر نیت ٹھیک ہوتو ملکی معاملات کو اپنے وسائل پر انحصار کرتے ہوئے چلایاجاسکتاہے۔حکومت کرپشن ختم وسادگی اختیار کریں انہوں نے کہاکہ امریکہ ہمیشہ سے اپنے مفادات کااسیر رہا ہے اس نے پاکستان کو دھوکے کے سواکچھ نہیں دیا۔71کے بحری جنگی بیڑے کے جھوٹے وعدے سے لے کر کولیشن سپورٹ فنڈز میں کٹوتی اور اسے روکنے تک بے شمار مثالیں ہمارے سامنے موجود ہیں ،امریکی حکمران آج بھی بھارت کی زبان بولتے ہیں۔پاکستان نے امریکی نام نہاد جنگ میں فرنٹ لائن اتحادی کاکرداراداکرکے جتنانقصان برداشت کیا ہے اتناخود امریکہ اور دوسرے ملکوں نے برداشت نہیں کیاہوگا۔