کوئٹہ دو سال سے خشک سالی کی لپیٹ میں ہے ، عبدالخالق ہزارہ

  • September 3, 2018, 10:59 pm
  • National News
  • 152 Views

کوئٹہ ( آئی این پی ) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین و رکن صوبائی اسمبلی عبدالخالق ہزارہ نے کہا ہے کہ بلوچستا ن سمیت کوئٹہ شہر گزشتہ دو سال سے خشک سالی کی نئی لہر کی لپیٹ میں ہے، بارشوں کی کمی اور شجر کاری مہم موثر انداز میں نہ چلائے جانے کے باعث مستقبل میں ہمیں چیلنجز کا سامنا کرپڑیگا جس سے نمٹنے کیلئے ابھی سے موثر منصوبہ بندی کرنا ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرین پاکستان مہم کے سلسلے میں شجر کاری مہم کے دوران پودے لگانے کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کہا انہوں نے کہا کہ بلوچستان اس سے قبل بھی بد ترین خشک سالی کا شکار رہا ہے جس کے نتیجے میں صوبہ میں مالداری زراعت جنگلات و جنگلی حیات سمیت معیثیت پر منفی اثرات مرتب ہوئے اب ایک بار پھر کوئٹہ و صوبہ پر خشک سالی کے آثار نمودار ہونا شروع ہو گئے ہیں پانی کی گرتی ہوئی سطح اس سلسلے میں خطرے کی گھنٹی ہے انہوں نے کہا کہ گرین اینڈ کلین کوئٹہ ایچ ڈی پی کا انتخابی سلوگن تھا جس کے تحت دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے شجر کاری اور صفائی و ستھرائی کے منصوبوں کو ترجیج دی جائیگی انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ابھی تشکیل کے مراحل میں ہے تمام وزراتوں اور محکموں میں بہترین روابط قائم کرکے عزم و ولوے کے ساتھ عوام کے بنیادی مسائل پر توجہ دیکر حل کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ ہمیں شجر کاری اور درخت کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے مہم کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنا چاہیے پانی کے ضیاع کو روکنے اور بے جا استعمال کے حوالے سے بھی عوامی شعور و آگاہی ضروری ہے انہوں نے کہا کہ خشک سالی کے اثرات کو زائل کرنے کیلئے پودے لگانے اس کی حفاظت اور آبیاری نہایت ضروری ہے اس موقع پر پارٹی کے مرکزی رہنماؤں و کونسلرز محمد رضا وکیل مرزا حسین ہزارہ اور ڈائریکٹر محکمہ جنگلات عبدالطیف دارا و دیگر بھی موجود تھے۔