بی این پی عوامی نے صدارتی انتخابات میں عارف علوی کی حمایت کردی

  • September 3, 2018, 10:58 pm
  • National News
  • 266 Views

کوئٹہ(آن لائن)بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی)نے آج ہونے والے صدارتی انتخاب میں تحریک انصاف کے امیدوار کی حمایت کافیصلہ کرتے ہوئے پی ٹی آئی قیادت کو سی پیک منصوبے میں بلوچستان کو اس کا جائزحصہ دینے ،ایران بارڈر پر وفاقی لیویز کے دو ہزار اہلکاروں کی تعیناتی ، پنجگور میں خواتین یونیورسٹی ، ایل پی جی پلانٹ اور کوئٹہ میں کینسر ہسپتال کے قیام سمیت دیگر مطالبات پیش کردیئے ، پی ٹی آئی قیادت نے مطالبات پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرادی گزشتہ روز بلوچستان نیشنل پارٹی(عوامی) کے مرکزی سیکرٹری جنرل صوبائی اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر میر اسد بلوچ نے صدارتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی ، گورنر سندھ مفتاح اسماعیل اور جہانگیر ترین سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور صدارتی انتخاب سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا پی ٹی آئی قائدین نے بی این پی (عوامی) سے پی ٹی آئی کے صدارتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی کی حمایت کی اپیل کی بی این(عوامی)نے صدر مملکت کے انتخاب میں ڈاکٹر عارف علوی کو ووٹ دینے کی یقین دہانی کراتے ہوئے تحریک انصاف کو ایک ڈرافٹ دیا جس میں بی این پی (عوامی)کے مطالبات درج تھے ۔ پارٹی کے مرکزی صدر میر اسرار اللہ خان زہری کی جانب سے میر اسد بلوچ نے پی ٹی آئی قائدین کو جو ڈرافٹ دیا اس میں کہاگیا ہے کہ پچھلے ادوارمیں آنے والے حکمرانوں نے بلوچستان سے جتنے بھی وعدے کئے ان پر عملدرآمد نہیں ہواصدارتی انتخاب میں بی این پی (عوامی)پی ٹی آئی کے امیدوار کو ووٹ دے گی اس امید کے ساتھ کہ پاکستان تحریک انصاف بلوچستان سے احساس محرومی، جبر ناانصافی کے خاتمے ، مسنگ پرسنز کے مسئلے کے حل بلوچستان کو تعلیم اور صحت سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی ،56بلین ڈالر مالیت کے حامل چین پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک)میں مکران ڈویژن سمیت پورے بلوچستان کو اس کا جائز حق دینے بلوچستان کی پسماندگی اور احساس محرومی کے خاتمے کے لئے اپنا کردار اد اکرے گی ۔گوادر کے عوام کے آئینی اور قانونی تحفظ کو یقینی بنایا جائے ، علاقہ غیر سے آئے ہوئے لوگوں کو صرف کاروبار کی حد تک اجازت ، ڈومیسائل لوکل اور شناختی کارڈ کے حصول میں 60سال کی پابندی ، گوادر میں پینے کے صاف پانی کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے ،مکران ڈویژن کے قابل طالبعلموں کو بیرون ملک جدید تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لئے وفاقی حکومت کی مکمل مالیاتی سپورٹ و ان کی تمام ذمہ داریاں اٹھانے ‘ایران سے متصل سرحد پر وفاقی لیو یز کے2000اہلکاروں کی بھرتی ،پاکستان ایران بارڈر پر امیگریشن سینٹر کا قیام ، ایران بارڈر پر چیدگی سے لے کر آواران تک 2سو کلو میٹر روڈ کی پختگی ، پنجگور میں خواتین یونیورسٹی کا قیام یقینی بنانے ،پنجگورمیں دو ایل پی جی گیس پلانٹ کا قیام ، پنجگور ایئر پورٹ کی توسیع اور صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کینسر ہسپتال کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں ان نکات کی روشنی میں بی این پی (عوامی)آج منعقد ہونے والے صدارتی انتخاب میں حکمران اتحاد کے نامزد امیدوار ڈاکٹر عارف علوی کی حمایت کرے گی ۔