پیپلزپارٹی جمہوری بقاء کیلئے مولانا فضل الرحمان کی حمایت کرے ، مولانا واسع

  • September 3, 2018, 10:57 pm
  • National News
  • 80 Views

کوئٹہ(آن لائن)جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء ورکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کی بقاء اسی میں ہے کہ پیپلز پارٹی اپنا صدارتی امیدوار متحدہ اپوزیشن کے امیدوار اور جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان کے حق میں دستبردار کرائے تمام اپوزیشن جماعتیں جمہوریت کی مضبوطی کے لئے متحدہیں تو پیپلز پارٹی بھی جمہوریت کی بقاء کی خاطر اپنا کردار ادا کرے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’ آن لائن‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام ملک میں آئین وقانون کی بالادستی چاہتی ہیں اورہم سمجھتے ہیں کہ جمہوریت کی بقاء اسی میں ہے کہ ہم سب مل کر صدارتی انتخابات مشترکہ طور پر لڑیں اگر پیپلز پارٹی نے متحدہ اپوزیشن کے صدارتی امیدوار کو سپورٹ کیا تو جیت ہماری یقینی ہے اور اگر ایسا نہ کیا گیا توپھر مستقبل میں اکٹھے نہیں چل سکتے انہوں نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام کی کوشش ہے کہ ملک میں حقیقی جمہوریت ہو اور ہم ایسے فیصلے کریں جو عوام کے بہتر مفاد میں ہوں اپوزیشن کی مضبوطی کے لئے سب کو اپنا کردا رادا کرنا ہو گا انہوں نے کہا ہے کہ آج ہونیوالے صدارتی انتخابات میں متحدہ اپوزیشن کے امیدوار جیت جائیں گے اور ہم دوسرے سیاسی جماعتوں سے بھی رابطے میں ہیں انہوں نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام حکومت میں ہو یا اپوزیشن میں ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے اور اسی بدولت عوام نے جمعیت علماء اسلام کے نمائندوں کو تمام ترمشکل حالات کے باوجود کامیاب کرایا اور عوام کو کسی بھی صورت مایوس نہیں کرینگے انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل پر قومی اسمبلی میں ضرور آواز اٹھائیں گے اور صوبے میں ہونیوالی زیادتیوں پر کسی بھی صورت خاموش نہیں رہیں گے۔