ایک کروڑ ملازمتیں دینے کے دعویدار وزیراعظم نے اپنی پہلی ہی تقریر میں ہزاروں افراد کو بے روزگار کردیا ہے،علی مدد

  • September 2, 2018, 11:10 pm
  • National News
  • 142 Views

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدرحاجی علی مدد جتک ،جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ ایک کروڑ ملازمتیں دینے کے دعویدار وزیراعظم نے اپنی پہلی ہی تقریر میں ہزاروں افراد کو بے روزگار کردیا ہے،وفاقی حکومت نجکاری کے ذریعے بے روزگاری میں اضافہ کرنا چاہتی ہے اگر ایسا کیا گیا تو پیپلز پارٹی اسکی سخت مزاحمت کریگی۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو لیبر ونگ کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے 100دن کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہونے کے بجائے اس کی مخالف سمت جارہی ہے 100دن میں ایک کروڑ نوکریوں کا اعلان کرنے والے پی ٹی آئی کی حکومت عوام کو بیروزگار کرنے کے مشن پر اتر آئی وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریلوے میں کنٹریکٹ ملازمین کو فارغ کرنے اور یوٹیلٹی اسٹورز کو بند کرنے کے باعث بیروزگاری سے عوام دشمن پالیسی ظاہر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلے ہی مہنگائی کا جن بے قابو ہے اور پی ٹی آئی کے اس طرز عمل سے لاکھوں خاندان بھوک وافلاس اور خود کشیوں پر مجبور ہوجائے گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دعوے اور تبدیلیاں صرف ان کی ذات پر اثر انداز ہوتے دکھائی دے رہی ہے جبکہ عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کوئی پالیسی اور منصوبوں پر اعلان اور عملدرآمد ہوتا دکھائی نہیں دے رہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جب بھی برسراقتدار آئی ہے تو پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا نعرہ ہے روٹی کپڑا اور مکان، اور حکومت کا باور کرانا چاہتے ہیں کہ اگر کسی مزدور سے اسکا روزگار چھیننے کی کوشش کی گئی تو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مزاحمت کے ساتھ ہر طرح کی قانونی جنگ میں بھی مزدوروں کا ساتھ دیں گے۔