مولانا فضل الرحمن خود دولہا نہیں بنے مسلم لیگ نے بنایا

  • September 2, 2018, 11:09 pm
  • National News
  • 118 Views

کوئٹہ( پ ر) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان اور متحدہ مجلس عمل کی رابطہ کمیٹی کے سربراہ سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن خود دولہا نہیں بنے ان کو مسلم لیگ نے بنایاہے البتہ اعتزاز احسن صدارتی دولہن کو نکاح سے پہلے ہی بھگا کر لے گئے،پیپلز پارٹی اپوزیشن کو تقسیم اور ایم ایم اے متحد کرنا چاہتی ہے، شرجیل میمن شایدشراب کو شہد سمجھ کر استعمال کرتے ہیں، شہد کے ’’ش‘‘ میں ’’شفا ‘‘ اور شراب کے ’’ش‘‘ میں’’ شر‘‘ ہے ، اختر مینگل کے 6نکات پر مکمل عملدرآمد ہوتے نظر نہیں آرہا البتہ عمران خان کی نیت پر شک نہیں کیا جاسکتا، وزیر اعظم ہاؤس کا ہیلی کاپٹر شاید پانی سے چلتا ہے اس لیے فواد چوہدری اب تک اپنے بیان پر قائم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، حافظ حسین احمد نے مزید کہا کہ جمعیت علمائے اسلام اور متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمن خود دولہا نہیں بنے بلکہ ان کو مسلم لیگ اوراپوزیشن کی دیگر جماعتوں نے بنایا ہے البتہ اعتزاز احسن صدارتی دولہن کو نکاح سے پہلے ہی بھگا کر لے گئے اگر اعتزاز احسن نے بات کرنی ہے تو اپوزیشن سے بات کریں، اعتزاز احسن نے گجرانوالہ میں جنرل کیانی کے لیے سہولت کار کا کردار ادا کیا تھا ایک بار پھر وہی کچھ کیا ہورہا ہے، اعتزاز احسن کو پیپلز پارٹی نے اس لیے ’’دولہا‘‘ بنایا ہے تاکہ ’’ شہہ بالا‘‘ کی ضمانت ہوسکے،پیپلز پارٹی کی حکمت عملی یہی ہے کہ صدارتی انتخاب میں اپوزیشن اور ووٹوں کو تقسیم کیا جائے جبکہ ایم ایم اے اور دیگر جماعتوں کی کوشش ہے کہ اپوزیشن متحد ہو، انہوں نے کہا کہ شرجیل میمن شایدشراب کو شہد سمجھ کر استعمال کرتے ہیں ، شہد اور شراب ’’ش‘‘ سے شروع ہوتے ہیں مگرشہد کے ’’ش‘‘ میں ’’شفا ‘‘ اور شراب کے ’’ش‘‘ میں ’’شر ‘‘ہے اور شراب کی ابتدا ہی شر سے ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے متعلق سردار اختر مینگل کی جانب سے پیش کئے جانے والے 6نکات پر عملدرآمد کے حوالے سے عمران خان کی نیت پر شک نہیں کیا جاسکتا مگر وہ ان پر مکمل عملدرآمد نہیں کرسکیں گے البتہ کسی حد تک عملدرآمد کی امید کی جاسکتی ہے لیکن مکمل طور پر عملدرآمد اس وقت تک ممکن نہیں جب تک مقتدر قوتیں اس حوالے سے کوئی پالیسی طے نہ کریں، ایک سوال کے جواب میں حافظ حسین احمد نے کہا کہ اسلام آباد سے لاہورتک کرایے کی گاڑی پر آیا ہوںیہاں صحافیوں نے مشورہ دیا کہ فواد چوہدری سے رابطہ کرکے ہیلی کاپٹر پر سفرکیوں نہیں کررہے کیوں کہ وہ بہت سستا پڑے گا مگرہماری پہنچ فواد چوہدری تک نہیں اس لیے سستے ہیلی کاپٹر کے بجائے گاڑی پر سفر کررہاہوں، فواد چوہدری ابھی تک اپنے موقف پر قائم ہے شاید وزیر اعظم ہاؤس کا ہیلی کاپٹر پانی سے چلتاہے۔