نواب مری کے بیٹوں کی شکست پر افسردہ ، نواب بگٹی کے بیٹوں کی فتح پر خوش ہوں،نواب اسلم رئیسانی

  • September 2, 2018, 11:09 pm
  • National News
  • 987 Views

کوئٹہ( پ ر) چیف آف سراوان سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمداسلم خان رئیسانی نے کہا ہے کہ خلائی مخلوق کی موجودگی سے انکار نہیں نواب خیر بخش مری کے بیٹوں کی شکست پر افسردہ،نواب اکبر خان بگٹی کے پوتوں کی جیت پر خوش ہوں ۔ عوام کو نظریہ اور سوداگروں میں فرق کرنا چایئے ۔ جمعیت کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور سردار کمال خان بنگلزئی سے ہونے والی ملاقاتوں کے دورس نتائج مرتب ہونگے ۔خلائی مخلوق 440ووٹ کے کھمبے پر بیٹھنے کی کوشش نہ کرے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزسراوان ہاؤس میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے کارکنوں، مستونگ کے قبائلی عمائدین سمیت مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر بی این پی کے مرکزی لیبر سیکرٹری منظور بلوچ، نوابزادہ میر یادگار رئیسانی ودیگر بھی موجود تھے ۔ نواب اسلم رئیسانی کا مزید کہنا تھا کہ25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات اور ضمنی انتخابات میں فرق نمایاں ہے ۔ اب کی مرتبہ خلائی مخلوق اور حکومت پیسہ کی پشت پر کھڑی ہوکر عوام کے حمایت یافتہ امیدوار کو ہرانے کیلئے ایڑھی چوٹی کا زور لگارہی ہے مگر ہمارے حوصلے بلند ہیں مستونگ کے عوام کے نظریہ کی نفی کرنے والوں کا مقابلہ کرینگے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اورمستونگ کے عوام کا گہرا رشتہ ہے ٹرانسفارمر ، یا نوکریوں کا جھانسہ دیکر ہمارے درمیان دوریاں پیدا کرنے والے ہمیشہ کے طرح اس مرتبہ بھی ناکام ہونگے ۔ ان کا کہنا تھا کہ خلائی مخلوق کی موجودگی سے انکار ممکن نہیں تاہم میرا ان کو مشورہ ہے کہ وہ 440ووٹ کے کھمبے پر بیٹھنے کی کوشش نہیں کریں ۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سردار کمال خان بنگلزئی سے ہونے والی ملاقاتوں کے دورس نتائج مرتب ہونگے ۔ انہوں نے مختلف علاقوں اور قبائل سے تعلق رکھنے والے افراد کو ضمنی انتخابات سے متعلق تیاریوں کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے پولنگ کے دن ایک ایک ووٹر سے گھر سے نکلنے کی اپیل کی ہے ۔