سردار اخترجان مینگل نے پی ٹی آئی کے صدارتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی کی حمایت چھ نکاتی معاہدے کے ساتھ مشروط کردی

  • September 2, 2018, 11:08 pm
  • National News
  • 261 Views

کوئٹہ+اسلام آباد (پ ر) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ رکن قومی اسمبلی سردار اخترجان مینگل نے پاکستان تحریک انصاف کے صدارتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی کی حمایت چھ نکاتی معاہدے کے ساتھ مشروط کردی، تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز اسلام آباد میں واقعہ بلوچستان ہاؤس میں پی ٹی آئی کے صوبائی صدر رکن صوبائی اسمبلی سردار یار محمد رند نے بی این پی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل سے ایک گھنٹہ طویل ملاقات کی ، ملاقات میں بلوچستان کی سیاسی صورتحال ،صدارتی انتخاب ، بلوچستان میں ہونے والے سینیٹ کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا سردار یار محمد رند نے سردار اخترجان مینگل سے صدارتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی کی حمایت کرنے کی درخواست کی ،جس پر سردار اختر مینگل نے صدارتی انتخاب میں عارف علوی کی مشروط حمایت کا عندیہ دیتے ہوئے پی ٹی آئی کو 6 نکاتی معاہدہ پر عملدرآمد کی شرط پیش کر دی ،سردار اختر مینگل نے مطالبہ کیا کہ چھ نکاتی معاہدے پر صدارتی امیدوار عارف علوی کے دستخط بھی ہونے چاہیے،سردار یار محمد رند نے وزیراعظم عمران خان سے ہونے والی ملاقات میں سردار اختر مینگل کے مطالبے سے آگاہ کر نے کی یقین دہانی کروائی ،دونوں رہنماؤں نے بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے اور سیاسی معاملات پر مشاورت اور ملاقاتوں کے سلسلے کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔