اعتزاز احسن ایسے دْلہا ہیں جسے نہ گھر والے مان رہے ہیں نہ سسرال والے

  • September 2, 2018, 11:08 pm
  • National News
  • 124 Views

کوئٹہ (ویب ڈیسک) اپوزیشن جماعتوں کے صدارتی امیدوار مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ اعتزاز احسن ایسے دْلہا ہیں جسے نہ گھر والے مان رہے ہیں نہ سسرال والے۔نجی ٹی وی کے پروگرام ’جرگہ‘ میں بات چیت کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اعتزاز احسن کی دستبرداری کا فیصلہ ایک اور ان کی دستبرداری کا فیصلہ 10 جماعتوں نے کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ طنزیہ باتیں نہ کی جائیں کہ رشتہ لے کر گئے دلہا بن کر آگئے کیونکہ اعتزاز احسن ایسے دولہا ہیں جسے نہ گھر والے مان رہے ہیں نہ سسرال والے، اس لیے کیوں نہ ایسے دولہا پر اتفاق کر لیا جائے جسے سب مان رہے ہیں۔صدارتی انتخاب میں زرداری صاحب سینیٹ الیکشن والی ترکیب نہیں دہرائیں گے، پیپلزپارٹی کے صدارتی امیدوار اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ مجھ پر شہید بینظیر بھٹو اور آصف زرداری کے احسانات ہیں، صدارتی انتخاب میں اگر اپوزیشن متحد ہوجائے تو برتری حاصل ہوجائے گی۔اعتزاز احسن نے کہا کہ پی ٹی آئی کا میرے لیے ووٹ کرنا آسان ہے، یہ ضمیر کا ووٹ ہے، زرداری صاحب مجھے جتوانے میں سنجیدہ ہیں، صدارتی انتخاب میں زرداری صاحب سینیٹ الیکشن والی ترکیب نہیں دہرائیں گے۔اعتزازاحسن نے مزید کہا کہ ن لیگ اور پی ٹی آئی کے بعض لوگوں نے کہا ہے کہ وہ مجھے ووٹ دیں گے۔یاد رہے کہ 4 ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں پی ٹی آئی کی جانب سے ڈاکٹر عارف علوی امیدوار ہیں جب کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے اعتزار احسن کو نامزد کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں نے مولانا فضل الرحمان کو صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے جب کہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے اپوزیشن کا مشترکہ امیدوار لانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔