پاکستان تجربہ گاہ نہیں جمہوری فیڈریشن ہے ،عبدالرحیم زیارتوال

  • August 30, 2018, 11:14 pm
  • National News
  • 120 Views

کوئٹہ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی وصوبائی سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال نے کلی دلوانی ، کلی سیرکی کچھ، کلی طور شورکے دورہ کے موقع پر پارٹی کے کارکنوں ، بہی خواہوں اور عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے سیاسی جمہوری پارٹیوں اور تمام جمہوری قوتوں نے 2018کے الیکشن کو زور اور زر کا سلیکشن قرار دیتے ہوئے اسے مکمل طور پر مسترد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام سیاسی جمہوری پارٹیوں اور جمہوری قوتوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ الیکشن کے نام پر سلیکشن کیخلاف عملی جدوجہد کیلئے پالیسی اور پلان مرتب کرکے اپنے موثر جمہوری آواز اور عوام کی تائید سے اسے مکمل طور پر ناکامی اور رسوائی سے دوچار کرے ۔ الیکشن میں پسند امیدواروں کی کامیابی اور غیر پسندیدہ پارٹیوں اور اشخاص کی ناکامی کیلئے حلقہ وائز اور پونگ وائز پلان اور حکمت عملی روز بروز واضح ہوتی جارہی ہے ۔ جو الیکشن کے شفافیت پر سوالیہ نشان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آمر مشرف کے دور کے مسترد شدہ عناصر سے امور مملکت اور حکومت چلانا ممکن نہیں ۔ پاکستان تجربہ گاہ نہیں بلکہ جمہوری فیڈریشن ہے ملکی آئین فیڈریشن میں آئینی کردار اور فیڈریشن کے اصولوں کے تحت عوام کے ووٹ کی تقدس اور احترام ملک کے تمام اداروں ، سنجیدہ قوتوں کی ذمہ داریوں میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ہرنائی اور ہرنائی سنجاوی روڈ کو ڈبل کرنا ، فیڈرل پی ایس ڈی پی ساڑھے 8ارب کی لاگت سے گزشتہ دو سال سے منظور ہے اب یہ ٹینڈرنگ کے مرحلے میں اور اسی سال اس پر کام شروع ہوجائیگا اس طرح ہرنائی سبی روڈ ، شاہرگ سانگان روڈ 40کروڑ اور 30 کروڑ کی لاگت سے منظور ہوچکے ہیں ۔ شاہرگ سانگان روڈ کا کام ٹھیکیدار لے چکا ہے ۔ ہرنائی سبی روڈ اب ٹینڈر ہوگا ، پارٹی نے ساڑھے چار سال کی قلیل مدت میں جو ترقیاتی کام کےئے ہیں اس کی نظیر گزشتہ 40سال کے تاریخ میں ملنا ناممکن ہے۔ اسی طرح زرغون غر جو اس وقت کوئٹہ کو گیس سپلائی کررہا ہے نیچرل ریسورس کے ضلع کو گیس دینا حکومت اور کمپنی کی ذمہ داری ہے اور اسمبلی سے قرار داد پاس ہوچکا ہے ایک حد تک سروے بھی ہوچکا ہے ۔ فنڈز مہیا کرنا مرکزی حکومت اور ماری گیس کمپنی کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ صوبے کا سب سے اہم اور سنگین مسئلہ زیر زمین پانی جو صوبے کے اکثر اضلاع میں نا پید ہوتا جارہا ہے اس پر فوری توجہ کی ضرورت ہے ۔ مرکزی حکومت اور انٹرنیشنل ڈونر ایجنسیوں کی مدد سے تمام صوبے کا سروے ہوچکا ہے اور 2کھرب کی لاگت سے پانی سٹوریج کا مسئلہ حل کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زمین کی نیچرل سپنج کی بحالی کیلئے لوکل انواع کے جنگلات اور ساتھ ہی جنگلات کے وہ بیرونی انواع جو ماحول سے مطابقت رکھتے ہو انہیں اگانے کیلئے منصوبہ بندی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی جھگڑوں کو ہوا دینے کی رجحان کو مسترد کرنا تمام قوم اور معاشرے کی ذمہ داریوں میں شامل ہیں ۔ پشتونخوامیپ قومی تحریک اور قومی پارٹی کی حیثیت سے گلستان کے عنایت اللہ کاریز عید ملن کے جلسے سے خطاب میں محترم مشر محمود خان اچکزئی نے پہلے ہی آنیوالے خطرات سے قوم اور تمام معاشرے کو آگاہ کیا تھا ۔ اجتماعات سے ڈسٹرکٹ کونسل ہرنائی کے ممبر شاہجان دومڑ ، جمال آکا اور اشرف نے بھی خطاب کیا۔