سبی ،ہرنائی کھوسٹ ریلوے سیکشن جلد بحال کیاجائیگا، وزیراعلیٰ

  • August 30, 2018, 11:13 pm
  • National News
  • 90 Views

کوئٹہ (خ ن ) وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، لہٰذا سیکیورٹی کے باعث تعطل کے شکار ترقیاتی منصوبوں پر دوبارہ کام کا آغاز کیا جاسکتا ہے۔ بالخصوص سبی ہرنائی ریلوے لائن کی بحالی کے منصوبے کو مکمل کرکے اس تاریخی ذریعہ سفر کو دوبارہ بحال کرنے سے علاقے کے عوام کو سہولت ملے گی اور علاقے کی معدنی اور زرعی پیداوار کو کم وقت میں منڈیوں تک پہنچانا بھی ممکن ہوسکے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبی ہرنائی کھوسٹ ریلوے سیکشن کی بحالی کے منصوبے کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کے دوران کیا۔ ڈی ایس ریلوے واصف مغل نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر پی ایچ ای نورمحمد دمڑ بھی اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ دہشت گردوں کی جانب سے ریلوے پلوں کو دھماکوں سے اڑائے جانے کے باعث سبی تا ہرنائی 140کلومیٹر طویل اس سیکشن پر ٹرین کی آمدورفت معطل ہوگئی تھی بعد ازاں این ایل سی اور پاکستان ریلوے نے تقریباً 2.4ارب روپے کی لاگت سے ٹریک کی بحالی،پلوں کی تعمیرومرمت اور اسٹیشنوں کی تعمیر کے کام کا آغاز کیا۔ منصوبے کا پچاسی فیصد کام مکمل ہوچکا ہے تاہم اس سال جنوری میں ناکس اسٹیشن پر حملے کے نتیجے میں پانچ مزدوں کی شہادت کے بعد منصوبے پر کام روک دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی جانب سے سیکیورٹی کی فراہمی کی صورت میں منصوبے پر دوبارہ کام شروع کرکے اسے جلد مکمل کیا جاسکتا ہے۔ اس سیکشن پر ریلوے آپریشن کے آغاز سے علاقے کے لوگوں کو آمدورفت کی بہتر سہولتیں اور علاقے کی معدنی اور زرعی پیداوار کو کم وقت میں سستے داموں بڑی مارکیٹوں تک پہنچانا ممکن ہوگا، وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ہدایت کی کہ سیکریٹری داخلہ، ریلوے اور ایف سی حکام کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے سیکیورٹی کی فراہمی کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔