جے یوآئی کا گستاخانہ خاکوں کیخلاف آج احتجاج کا اعلان

  • August 30, 2018, 11:13 pm
  • National News
  • 138 Views

کوئٹہ(پ ر) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیرحافظ حمداللہ،جنرل سیکرٹری حاجی سازالدین،مولاناولی محمدترابی،مولاناخدائے دوست،عزیزاللہ پکتوی،حافظ مجیب الرحمن ملاخیل،حاجی عبدالباری اچکزئی،حاجی عبدالصادق اورحاجی عبدالعزیزایڈوکیٹ نے کہاہے کہ ہالینڈمیں گستاخانہ خاکوں کے خلاف آج جمعہ کواحتجاجی ریلی نکالی جائے گی اوربھرپورمظاہرہ کیاجائے گاانہوں نے کہاکہ تین بجے صوبائی سیکرٹریٹ جناح روڈسے ریلی نکالی جائے گی انہوں نے تمام یونٹوں،کارکنوں،تاجروں اورعام مسلمانوں سے اس مظاہرے میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ توہین مذہب سب سے بڑھ کردہشت گردی ہے ،حکومت زبانی جمع خرچ کرنے کے بجائے عملی اقدامات اٹھائے،ہالینڈکے سفیرملک بدرکرے اوراوآئی سی اوراقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پرگستاخانہ خاکوں کامقابلہ رکوانے کے لئے کرداراداکرے انہوں نے کہاکہ مغربی ممالک خاص طور پرہالینڈ کی طرف سے توہین آمیز خاکوں کی اشاعت اور مقابلے ،اسلام کے خلاف نفرت پھیلانے اور مسلمانوں میں اشتعال پیدا کرنے کی غلیظ مہم ہے۔ نبی آخرالزمان حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٰ وسلم اس کائنات کی معزز ترین ہستی ہیں۔ جنہیں اللہ تعالیٰ نے رحمت اللعالمین ، خاتم المرسلین اور اسلام کو آخری دین قراردیا۔ یورپی گماشتوں سے نبی کی شان میں فرق کوئی فرق آسکتا ہے اور نہ ہی اسلام کے خلاف نفرت سے دین مبین کی اشاعت اور فروغ رک سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ مغربی معاشرہ دین سے بیزاری کے باعث بکھر چکا ہے۔ ہالینڈ کی فریڈم پارٹی کے سربراہ گیرٹ ورلڈنے پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہٰ وسلم کی شان میں گستاخی کے لئے گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ رکھ کر مسلمانوں کی غیرت کو للکارا ہے۔ مگر افسوس ابھی تک کسی مسلمان ملک کی طرف سے اس کے خلاف سفارتی سطح پر کوئی عملی اقدام نہیں ہوا، جوکہ ہمارے ایمان کی کمزوری کاہے۔ہم مسلمان اس لئے ہیں کہ آخری نبی پر ایمان لاتے اور ان کی شریعت پر عمل کرتے ہیں، اگر ان کی ناموس پر کوئی حملہ آور ہو اور ہم خاموش رہیں تو ہمیں اپنے ایمان بارے سوچنا چاہیے۔ ہم ہزاروں عزتیں اور جانیں ، رسول اللہ کی حرمت پر قربان کردیں گے۔ ہالینڈ کی حکومت اس گستاخی کو روکے ورنہ عالمی حالات اچھے نہیں ہوں گے۔