قومی دولت و وسائل لوٹنے والے کرپٹ عناصر کو قانون کے کٹہرے میں ہر صورت لایا جائیگا ،ڈی جی نیب

  • August 30, 2018, 11:13 pm
  • National News
  • 76 Views

کوئٹہ (ویب ڈیسک)ڈائر یکٹر جنرل نیب بلوچستان مرزا محمد عرفان بیگ نے کہا ہے کرپشن کے خاتمے کیلئے نئی جمہوری حکومت کاوژن قابل تعریف ہے ، نیب حکومتی تائید سے کرپشن فری پاکستان کا ہدف حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، گڈ گورننس سے بلوچستان میں کرپشن کا تدارک ممکن ہے ، کرپشن کا خاتمہ گڈ گورننس کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا ،قومی دولت و وسائل لوٹنے والے کرپٹ عناصر کو قانون کے کٹہرے میں ہر صورت لایا جائیگا ، بدعنوانی کی روک تھام اور میرٹ کی بحالی کا عزم کر رکھا ہے ،کرپشن سے متعلق تمام شکایات کی شنوائی یقینی بنائی جائیگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھلی کچہری کے دوران صوبے بھر سے آنے والے سائلین سے کیا۔چیئر مین نیب، جسٹس جاوید اقبال کے احکامات کی روشنی میں مرزا محمد عرفان بیگ ،ڈائیریکٹر جنرل نیب بلوچستان نے نیب کوئٹہ میں ایک کھلی کچہر ی کا اہتمام کیا جس میں بلوچستان کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے بڑی تعداد میں شکایت کنندگان ڈی جی نیب بلوچستان کے روبرو پیش ہوئے۔ اس موقع پرڈائیریکٹر جنرل نیب نے شکایت کنندگان کوکرپشن کے تدارک کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے متعدد شکایات پر قانون کیمطابق ضروری احکامات جاری کردئے۔ڈی جی نیب بلوچستان نے اس موقع پر درخواست گزاروں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ کرپشن کے تدارک کے حوالے سے تمام شکایات پر قانون کیمطابق عملدرآمد کیا جائے گا۔ مرزا محمد عرفان بیگ نے کرپشن کے خاتمہ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی احتساب بیورو عوام کی کرپشن کے حوالے سے شکایات کے ازالہ کیلئے قانون کے مطابق ہر ممکن کوشش کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ کر پشن کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ قومی زمہ داری ہے اسکے لئے ہر مکتبہ فکر کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ڈی جی نیب نے کہا لوٹی ہوئی قومی دولت کی واپسی ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہے اس ضمن میں کوئی دقیق فروگذاشت نہیں کیا جائیگا۔