اے این پی نے صدارتی انتخابات کیلئے مولانا فضل الرحمان کی حمایت کردی

  • August 29, 2018, 11:18 pm
  • National News
  • 157 Views

کوئٹہ ( آئی این پی ) عوامی نیشنل پارٹی نے صدارتی انتخاب میں مولانا فضل الرحمان کی حمایت کردی ،جے یوآئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا غفور حیدری کو تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے اس بات پر تشویش کااظہار کیا کہ اپوزیشن تاحال متفقہ امیدوار لانے میں کامیاب نہیں ہوئی۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق بدھ کی رات جمعیت العلما اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری کی قیادت میں جے یوآئی کے وفد نے ارباب ہاس کوئٹہ میں اے این پی کے صوبائی پارلیمانی لیڈر اصغرخان اچکزئی سے ملاقات کی ۔اس موقع پر پارٹی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر عنایت اللہ خان ، نواب ارباب عبدالظاہر کاسی ، انجینئر زمرک خان اچکزئی ،حاجی نظام الدین کاکڑ،ارباب عمر فاروق کاسی ،جے یوآئی کے صوبائی امیر مولانا فیض محمد ، مفتی عبدالستار ، اراکین صوبائی اسمبلی ملک سکندر ایڈووکیٹ ، اصغر علی ترین و دیگر بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور صدارتی انتخاب پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ جے یوآئی نے عوامی نیشنل پارٹی سے صدارتی انتخابات میں تعاون کی اپیل کی ۔ اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی نے اکثریتی اپوزیشن کے صدارتی امیدواروایم ایم اے کے صدر مولانا فضل الرحمان کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے وفد کو یقین دلایا کہ پارٹی صدارتی انتخاب میں مولانا فضل الرحمان کوووٹ دے دی ۔ صوبائی پارلیمانی لیڈر اصغرخان اچکزئی کی قیادت میں اے این پی کے رہنماں نے صدارتی امیدوار کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کی تقسیم پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی بڑی جماعتوں میں صدارتی امیدوار کے نام پر ڈیڈلاک کا پیدا ہونا لمحہ فکریہ ہے اپوزیشن جماعتوں کو چاہئے کہ وہ ایک امیدوار پر متفق ہوں مگر تاحال اپوزیشن جماعتیں ایک امیدوار پر متفق نہیں ہوئیں تاہم چونکہ مولانا فضل الرحمان اکثریتی اپوزیشن کے امیدوار ہیں اس لئے عوامی نیشنل پارٹی صدارتی انتخاب میں ان کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اس امید کااظہار کرتی ہے کہ وفاق میں موجود تمام اپوزیشن جماعتیں ملک میں جمہوریت کے استحکام اور جمہوری اداروں کی مضبوطی کے لئے فعال کردار اد اکریں گی ۔