مشر محمود خان کے ویژن نے ملک میں حقیقی جمہوریت کی منزل کے اصول کیلئے تمام جمہوری قوتوں کو نئی سمت دی،عیسیٰ روشان

  • August 29, 2018, 11:16 pm
  • National News
  • 57 Views

پشین (پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پشتونخوامیپ کی قیادت بالخصوص اس کے چےئرمین محترم مشر محمود خان اچکزئی کے ویژن اور سیاسی جمہوری جدوجہد نے ملک میں حقیقی جمہوریت کی منزل کے اصول کیلئے تمام جمہوری قوتوں کو نئی سمت دی اور اب سیاسی جمہوری قوتوں کی جاری جدوجہد ملک میں آئین وپارلیمنٹ کی بالادستی اور حقیقی جمہوریت کے قیام کو ہر حالت میں ممکن بنائیگی۔ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان ، مرکزی کمیٹی کے اراکین اور ضلعی ایگزیکٹو عبدالحق خان ، علی محمد کلیوال اور امیر افغان نے سرانان ،اجرم ،ہیکلزئی ، خدائیدادزئی اور منزری کے علاقائی یونٹوں کے توسیعی اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاسوں میں علاقائی کمیٹیوں کے عہدیداروں اور اراکین نے بڑی تعدا د میں شرکت کی اور پارٹی کے مختلف امور سے متعلق فیصلے کیے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے منتخب ہونیوالے جعلی نمائندے جنوبی پشتونخوا کے عوام کی نمائندگی کا حق نہیں رکھتے کیونکہ الیکشن کے دوران ملک کی تمام سیاسی جمہوری قوتوں نے ان انتخابات کے نتائج کو مسترد کرکے اسے سلیکشن قرار دیا ہے ۔ اور الیکشن مہم کے دوران عسکری پارٹی باپ کو تانہ دینے والے آج ایک وزارت کی خاطر تمام دعووں اور نظریات سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ کے دور اقتدار میں جنوبی پشتونخوا کے ہر علاقے میں ہونیوالے ترقیاتی کام برسرزمین ثابت ہے ۔ اور ہر علاقے میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری کے تمام عوام گواہ ہے اب اسٹیبلشمنٹ کے بغل میں بیٹھ کر ان کی شرائط پر جعلی طریقے سے کامیاب ہونیوالے نام نہاد نمائندے ہرقسم کا اختیار کھوچکے ہیں اور وہ ہر سطح پر عوام کا سامنا کرنے کی ہمت تک نہیں رکھتے ۔ انہوں نے کہا کہ پشتون قوم کی سیاست کے نام کے دعویدار اپنے ہی پارٹی کی مرکزی قیادت کے موقف کو مسترد کرکے ذاتی وگروہی مفادات کی خاطر تمام ملک کی جمہوری اور پشتونخوا وطن کی قومی تحریک کی مخالفت میں کھڑے ہوگئے ۔ اور اسٹیبلشمنٹ کی آبیاری کے نتیجے میں ہر قسم کے سیاسی واخلاقی روایات سے بھی محروم ہوگئے ۔انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ وسالار شہدا خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی قربانیوں سے لبریز سیاسی جدوجہد او ان کی فکر کے نتیجے میں ہی اس خطے کے اقوام وعوام میں قومی دلیری اور سیاسی بیداری پروان چڑھی اور پشتونخوامیپ کی قیادت اور کارکنوں نے ہی تمام پشتونخوا وطن بالخصوص جنوبی پشتونخوا کے وجود اور حقوق واختیارات کے حصول کی جدوجہد کو پروان چڑھایا اور صوبہ پشتونخوا ، پشتونستان ، افغانیہ کے قیام کی جدوجہد کو پشتونخوا وطن کے غیور عوام کا قومی مطالبہ بنا کر رکھ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پشتونخوا کی حق ملکیت ، حق حاکمیت اور ان کے انتقال دعوے کی ہمت اور جرات نہ رکھنے والے قوم کی نمائندگی کی حق اور صلاحیت بھی نہیں رکھتے ۔ بلکہ ایسے عناصر ذاتی وگروہی مفادات کی خاطر وطن اور قوم کے نام پر دن اور رات سمیت ہر وقت صرف اور صرف انقلابی لفاظی کے ذریعے سیاست جیسے عظیم پیشے کو بدنام کرتے ہوئے دروغ گوہی کے مرتکب ہوتے رہتے ہیں۔ جبکہ کرپشن کے الزامات ایسے فرد کے منہ سے جو خود کرپشن کے الزام میں جیل کی سزا بھگت چکے ہیں سورج کے سامنے چراغ جلانے کے مترادف ہے ۔