قومی ترقی و خوشحالی کیلئے ذرائع مواصلات کی ترقی انتہائی اہم ہے ،گورنر اچکزئی

  • August 29, 2018, 11:16 pm
  • National News
  • 117 Views

کوئٹہ (خ ن ) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ قومی ترقی و خوشحالی کیلئے بنیادی ڈھانچہ خاص طور سے ذرائع مواصلات کی ترقی انتہائی اہم ہے ۔ بلوچستان میں قومی شاہراہوں کی تعمیر اور دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی ویسٹرن زون کے نمائندے طفیل احمد شیخ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ملاقات کے دوران صوبے بھرمیں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے شاہراہوں ، پلوں اوربائی پاسوں کے زیر تعمیر منصوبوں بالخصوص ژوب تا ڈی ای خان و دیگر قومی شاہراہیں زیر بحث آئیں ۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ ان قومی شاہراہوں کی بروقت تکمیل سے صوبے کے عوام کو آمد رفت کی سہولت ملنے کے علاوہ علاقے میں پیداہونے والی اجناس کو دیگرصوبوں کی منڈیوں تک رسائی حاصل ہوسکتی ہے جن کے قومی معیشت پرمثبت اثرات ہوں گے اور تجارتی ومعاشی سرگرمیوں کوفروغ ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہوں کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنانا ضروری ہے تاکہ علاقے کے عوام کی زندگیوں میں خوشگوار معاشی تبدیلی کا احساس پیدا ہوسکے ۔ گورنر بلوچستان نے تمام قومی شاہراہوں پر سفر کو محفوظ بنانے کیلئے سہولیات کی فراہمی کیساتھ ساتھ موٹروے پولیس کی تعیناتی پربھی زور دیا ۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے نمائندے نے گورنر بلوچستان کی ذاتی دلچسپی اور تجاویز کو سراہا اور متعلقہ حکام تک پہنچانے اور ان پر جلد از جلد عملدرآمد کی یقینی دہانی بھی کرائی ۔