قلعہ عبداللہ تصادم دو فریقوں کو لڑانے کی سازش تھی ، قہار ودان

  • August 28, 2018, 11:21 pm
  • National News
  • 303 Views

قلعہ عبداللہ(ویب ڈیسک) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی نائب صدر سابق رکن قومی اسمبلی عبدالقہار خان ودان نے کہا ہے کہ دو افراد کے درمیان تنازعہ درحقیقت حکومت ، انتظامیہ اور سیکورٹی حکام کی طرف سے منصوبہ بند سازش کا نتیجہ ہے کیونکہ واقعہ کے رونماء ہونے کے وقت ضلعی انتظامی افسران اور سیکورٹی حکام موجودگی بذات خود اس سازش کو ثابت کرتی ہے ۔ پشتونخوامیپ کلی زیارت ابتدائی یونٹ کے معاون سیکرٹری محمد ہاشم خان کی شہادت قابل افسوس اور قابل گرفت ہے اور اس میں ملوث ملزموں کی گرفتاری ضروری اور لازمی ہے ۔ وہ محمد ہاشم خان شہید کے نمازجنازے کے موقع پر اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔ جس میں علاقے کے پارٹی رہنماؤں ،قبائلی معتبرین ، علماء کرام اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ عبدالقہار خان ودان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے غیور قبائلی عوام اپنے وطن کے دود و دستور اور مثبت روایات سے بخوبی آگاہ ہیں دو افراد کے سوشل میڈیا پر گالی گلوچ کو تمام صوبے کے عوام دیکھ اور سن چکے ہیں اور ایک کی چمن سے روانگی اور دوسرے کا حملہ کرنا ایک گہری سازش کے سوا کچھ نہیں ۔ لہٰذا انتظامیہ کی رہنمائی میں پلان شدہ جنگ کو قبائلی رنگ دینے کی ناپاک سازش ثابت ہوچکی ہے ۔ اور اس پلان کا مقصد علاقے کے غیورعوام کے درمیان شعوری سازش کے ذریعے غلط فہمیاں پیدا کرکے انہیں لڑا نے کی ناکام کوشش ہے اور اس تنازعے کے وقت موقع پر ہر دونوں فریق کے ساتھ انتظامی وسیکورٹی افسران خود موجود تھے۔ اور انہوں نے ہی دونوں فریق کو بلاجواز آمنے سامنے لاکر لڑانے کی کوشش کی ۔