اقوام متحدہ انبیاء کی ناموس کی حفاظت کیلئے اقدامات کرے ، مولانا ہاشمی

  • August 28, 2018, 11:20 pm
  • National News
  • 109 Views

کوئٹہ(پ ر)امیر جماعت اسلامی مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت سے امت مسلمہ شدید تکلیف اور غم وغصے میں ہے اقوام متحدہ انبیاء کی ناموس کی حفاظت کے لئے قانون سازی کرے ۔ پاکستان سمیت مسلم ممالک ہالینڈ کے سفیروں کومسلم ممالک سے نکال باہر اور اپنے سفیروں کو ہالینڈ سے واپس بلالیں اورمسلم ممالک ہالینڈ کی تمام مصنوعات کا بھی فی الفورمکمل بائیکاٹ کریں دنیا میں توہین رسالت ﷺ جیسی دہشتگردی کو روکنے کیلئے مسلم حکمرانوں کو خواب غفلت سے بیدار اورمتحد ہو کر توہین آمیز خاکوں کے معاملے پر ہالینڈ کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرناچاہیے ۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا پارلیمنٹ میں ناموس رسالت ﷺ کے حوالے سے بیان،سینٹ میں قراردادکی منظوری خوش آئند ہے لیکن صرف بیانات تک معاملہ نہیں رہنا چاہیے بلکہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے پوری دنیا میں اس ظلم کے خلاف بھرپورآوازبلند کرنی چاہیے تاکہ توہین رسالت کی سازشیں ہمیشہ کیلئے رکھوائی جاسکیں ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ وزیر اعظم پاکستان کا فرض بنتا ہے کہ اس سلسلے میں عالم اسلام کے حکمرانوں سے فوری رابطہ کریں اور تحفظ ناموس رسالت ﷺ کے حوالے سے عالمی قوانین کو پوری دنیا پر واضح کریں ۔ عالم کفر کواندازہ نہیں کہ مسلمان نبی پاک ﷺ سے کتنی محبت کرتی ہے دنیا میں کوئی مسلمان اس قسم کی دہشت گردی برداشت نہیں کرسکتا ۔او آئی سی کو بھی اس قسم کی دہشت گردی پر فوری طور پر عملی اقدامات اُٹھانے چاہیے ۔حکومت پاکستان سمیت مسلم ممالک کو ہالینڈاور اس جیسی ناپاک جسارت کرنے والے ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور مغربی استعمار ی قوتیں مسلمانوں کی وحدت کو توڑنے ، انہیں مایوسی کی دلدل میں دھکیلنے اوران کے ایمانی جذبات سے کھیلنے کیلئے ہر دور میں کوششیں کرتی رہی ہیں اور اب بھی کر رہی ہیں تاکہ اسلام اور مسلمانوں کو کمزرور کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عالمی مفادات کے تحت دنیا کے مختلف ممالک میں مسلمانوں پر ظلم و ستم کا سلسلہ جاری ہے اور اب بھی افغانستان ،برما ، فلسطین ، شام ، روہنگیا اور کشمیر میں مسلمانوں کے ساتھ انسانیت سوز سلوک کیا جا رہا ہے جس پر عالمی برداری اور عالمی امن کی این جی اوز کا کردار مایوس کن ہے۔ تحفظ ناموس ﷺ دنیا کے ہر مسلمان کا دینی فریضہ اور ایمان کی تکمیل کا حصہ ہے ۔ توہین آمیز خاکوں کو کوئی مسلمان بھی برداشت نہیں کر سکتا اگر توہین آمیز خاکے بنانے والے دہشتگرد باز نہ آئیں تو پوری اسلامی دنیا کو ہالینڈ کے ساتھ تجارتی اور سفارتی بائیکاٹ اور ان کی مصنوعات کا بائیکاٹ کر دینا چاہیے ۔