ہزارہ قوم کو سیاسی ، سماجی اور اقتصادی تنہائی سے دور کرنے کی جاری جدوجہد تیز کی جائیگی، ایچ ڈی پی

  • August 28, 2018, 11:19 pm
  • National News
  • 116 Views

کوئٹہ (پ ر) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی بیان میں کہا گیا ہے کہ منظم جدوجہد، عزم اور ولولے کے ساتھ ہزارگی معاشرے میں جمہوری، سیاسی اور جماعتی کلچر کو پروان چڑھایا، ہزارہ قوم کو سیاسی ، سماجی اور اقتصادی تنہائی سے دور کرنے کی جاری جدوجہد تیز کی جائیگی،کوئٹہ شہر اور بلوچستان کی تعمیر و ترقی کیلئے پہلے بھی کردار ادا کیا مستقبل میں بھی موثرکردار جاری رکھا جائیگا۔ہزارہ قوم اور شہریوں کی خدمت کا جو عہد کیا اسے پورا کیا جائیگا قو م اور عوا م سے انتخابات کے دوران کئے گئے وعدے پورے کئے جائیں گے، بیان میں کہا گیا کہ ایچ ڈی پی کے قائدین اور کارکنوں کو اپنی ز مہ داریوں کااحساس ہے جن سے عہد برا ہونے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائیگا،عوام کو کسی بھی مرحلے پر تنہا نہیں چھوڑا جائیگا، بیان میں پارٹی کے کونسلروں اور حلقہ یونین کونسل کے عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ نچلی سطح اور گلی محلوں کے سطح پر عوام سے مسلسل رابطے میں رہے اور ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کریں۔ درایں اثنا پارٹی کے چیئرمین اور ایم پی اے عبدالخالق ہزارہ نے بلوچی سٹریٹ اور کاسی روڈ کے مکینوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاتفریق رنگ و نسل عوام اور حلقہ انتخاب کی خدمت ایچ ڈی پی کا منشور ہے پارٹی پر صرف ہزارہ قوم نے اعتماد کیا ہے بلکہ حلقہ انتخاب اور کوئٹہ شہر نے بھی پارٹی پالیسیوں اور موقف پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔شہریوں اور اقوام کے درمیان محبت اور بھائی چارے کی فضا مستحکم کرنے کیلئے ایچ ڈی پی کی جدوجہد جاری رہیگی۔ اسمبلی فلور اور ہر فورم پر کوئٹہ اور شہریوں کے مسائل پر موثر آواز بلند کر کے ان کے حل کیلئے ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے۔