لیویز فورس کو ختم کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے ، وزیراعلیٰ

  • August 27, 2018, 11:24 pm
  • National News
  • 294 Views

کوئٹہ(آن لائن)وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام کمال نے عوامی نیشنل پارٹی کے اراکین صوبائی اسمبلی سے بات چیت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ لیویز فورس کو ختم کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ لیویز فورس کو جدید خطوط پر استوارکرتے ہوئے اسے جدید وسائل فراہم کریں کیونکہ لیویز فورس صوبے کی اقدار و روایات سے واقف فورس ہے۔پیر کے روز عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی پارلیمانی لیڈر اصغرخان اچکزئی کی قیادت میں انجینئرزمرک خان اچکزئی او رملک نعیم خان بازئی پر مشتمل پارٹی کے پارلیمانی وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے وزیراعلیٰ میر جام کمال کو بی ایریا کے خاتمے اور تمام صوبے کو اے ایریا قرار دینے سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ان کے بیان سے پورے صوبے کی لیویز فورس میں شدید تشویش پائی جاتی ہے لیویز فورس صوبے کی پشتون بلوچ روایات سے واقف فورس ہے جس کا قیام امن میں انتہائی اہم کردار ہے وزیراعلیٰ میر جام کمال نے اصغرخان اچکزئی کی قیادت میں اے این پی کے پارلیمانی وفد کو بتایا کہ جس طرح سے بیان آیا ہے انہوں نے ایسی بات نہیں کی وہ کبھی بھی لیویز فورس کو ختم کرنے کا سوچ نہیں سکتے بلکہ ہم تو یہ چاہتے ہیں کہ لیویز فورس کو جدید وسائل مہیا کریں اور اس مقصد کے لئے عملی کام کرنا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی قبائلی روایات و اقدار سے ہم آہنگ فورس کو جدید خطوط پر استوارکرنے اہلکاروں کو جدید ٹریننگ اور دیگر سہولیات دلانے کے لئے موجودہ مخلوط صوبائی حکومت ہرسطح پر اقدامات اٹھائے گی۔اصغرخان اچکزئی نے وزیراعلیٰ کاشکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کااظہار کیا کہ وہ لیویز فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور لیویز اہلکاروں کو وسائل کی فراہمی کے حوالے سے بھرپور اقدامات اٹھائیں گے۔