چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اعلیٰ تعلیمی اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا، گورنر اچکزئی

  • August 27, 2018, 11:24 pm
  • National News
  • 85 Views

کوئٹہ(خ ن) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پل پل بدلتی د نیا کے چینلجز سے نمٹنے اورنئی نسل کے اذہان کو جدید علمی جہاں بینی سے روشن کرنے کیلئے ہمیں اعلیٰ تعلیمی اداروں کو جدید خطوط پر استور کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کا بننا ایک اچھی ابتداء ہے اورامید ہے کہ مستقبل قریب میں یہ صحت کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بولان میڈیکل یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے پہلے سینٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس ہاشم خان کاکڑ ، صوبائی وزیر انجینئرزمرک خان اچکزئی ، رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالر ؤف رند ، وائس چانسلر بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر نقیب اللہ اچکزئی ، وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال، وائس چانسلر آئی ٹی یونیورسٹی انجینئر فاروق بازئی، سیکریٹری ہائر ایجو کیشن عبداللہ جان اور سینٹ کے دیگر ارکان بھی موجود تھے ۔ سینٹ کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ بولان یونیورسٹی کے سینٹ کا ممبر بننا نہ صرف آپ کیلئے اعزاز ہے بلکہ یہ ایک احساس ذمہ داری کا بھی ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اپنے علم و تجربے کے مطابق تعلیمی معیار کو مزید بلند کرنے کیلئے اپنی تعمیر ی تجاویز اورآراء پیش کرنے میں بھر پور کردار ادا کریں ۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ زندگی کے ہر شعبے کی ترقی اعلیٰ تعلیم سے وابستہ ہے اس سلسلے میں ہماری مسلسل توجہ اور جدو جہد صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ پرمرکوز رہی ہے جس کے باعث اعلیٰ تعلیم کو فروغ ملا ۔ سرکاری یونیورسٹیوں میں تعلیمی امور و معاملات اور درس و تدریس کے عمل پروان چڑھنا شروع ہوا ۔ انہوں نے اساتذہ کرام پرزوردیا کہ وہ دنیا میں میڈیکل انجینئرنگ اور سرجری میں نئی تحقیق اور معلومات سے طلباء وطالبات کو لیس کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں ۔ سینٹ اراکین نے اس موقع پر مختلف تجاویز اورسفارشات پیش کیں جن کے نتیجے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے ۔