سندھ کے ساتھ بلوچستان کے پانی کے حل طلب امور کو فوری طور پر نمٹانے کی ضرورت ہے ، وزیراعلیٰ جام کمال

  • August 27, 2018, 11:24 pm
  • National News
  • 112 Views

کوئٹہ ( آئی این پی ) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے سندھ کے ساتھ بلوچستان کے پانی کے حل طلب امور کو فوری طور پر نمٹانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے صوبائی سیکریٹری محکمہ آبپاشی کو سندھ کے محکمہ آبپاشی کے حکام کے ساتھ اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ پٹ فیڈر کینال اور کیر تھر کینال سے بلوچستان کو اپنے حصے سے کم پانی ملنے کی وجہ سے نصیر آباد ڈویژن کے زمینداروں کسانوں اور عوام کو درپیش پانی کی قلت کو فوری طور پر دور کیا جانا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ آبپاشی کے حکام کی جانب سے نصیرآباد ڈویژن کو درپیش پانی کی کمی اورپٹ فیڈر کینال کی توسیع کے منصوبے کے حوالے سے دی جانے والی بریفنگ کے دوران کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خریف اور ربیع کی فصلوں کے دوران پورا پانی نہ ملنے کی وجہ سے علاقے کے زمینداروں اور کسانوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ نہروں میں پانی کی کمی سے پینے کا پانی بھی دستیاب نہیں ہوتا لہٰذا اس صورتحال کو فوری طور پر بہتر بنانے کے لئے موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا گیا کہ ارسا کی جانب سے بلوچستان کو اس کے حصے کا پورا پانی فراہم کیا جاتا ہے تاہم سندھ میں پانی کو روک کر پٹ فیڈر اور کیرتھر کینال میں کم پانی چھوڑا جاتا ہے جس کی وجہ سے خریف اور ربیع کے سیزن کی فصلوں کو ضرورت کے مطابق پانی نہیں ملتا۔ سیکریٹری آبپاشی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت کی روشنی میں صوبہ سندھ کے محکمہ آبپاشی کے حکام سے اجلاس منعقد کرکے مسئلے کے فوری حل کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کو پٹ فیڈرکینال کی صفائی، لائننگ اور توسیع کے منصوبے کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا جبکہ انہوں نے حب کینال کی ری ڈیزائننگ کے مجوزہ منصوبے کے حوالے سے بتایا کہ اڑھائی ارب روپے کی لاگت کے اس منصوبے کا پی سی ون تیار کرلیا گیا ہے جسے منظور ی کے لئے وفاقی حکومت کو بجھوایا جائے گا تاکہ اسے وفاقی پی ایس ڈی پی کاحصہ بنایا جاسکے وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پٹ فیڈر کینال کیرتھر کینال اور حب کینال سے پانی کے ضیاع اور چوری کی روک تھام کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔