گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے بلوچستان کی 10رکنی کابینہ سے حلف لیا

  • August 27, 2018, 11:22 pm
  • National News
  • 164 Views

کوئٹہ (ویب ڈیسک) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے بلوچستان کی 10رکنی کابینہ سے حلف لیا تفصیلات کے مطابق پیر کے روز گورنر ہاؤس میں ایک سادہ پروقار تقریب میں گورنر بلوچستان نے بلوچستان کی 10رکنی کابینہ سے حلف لیا اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام کمال عالیانی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ حلف اٹھانے والوں میر عارف محمد حسنی(باپ)پارٹی نور محمد دمڑ (باپ) پارٹی سردار سرفراز چاکر ڈمکی(باپ) پارٹی ،نوابزادہ طارق مگسی (پاب) پارٹی ،انجینئر زمرک خان اچکزئی اے این پی، میر ظہور بلیدی (باپ) پارٹی ،میر ضیاء اللہ لانگو(باپ ) پارٹی ،میر نصیب اللہ مری تحریک انصاف ،سردار صالح بھوتانی (باپ) پارٹی، میر سلیم احمد کھوسہ (باپ) پارٹی سے تعلق ہے اس طرح بلوچستان کی نئی کابینہ میں باپ پارٹی کے 8وزراء اے این پی 1اورتحریک انصاف کا 1وزیر لیا گیاہے۔ پیر کے روز کابینہ کے پہلے مرحلے کے وزراء نے حلف لیا ہے۔ دوسرے مرحلے کے وزراء بھی جلد حلف اٹھائیں گے اور مشیروں کے ناموں کا اعلان بھی جلد کیا جائے گا۔ بلوچستان کے نومنتخب وزراء کے پہلے مرحلے میں بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی، جمہوری وطن پارٹی اور ایچ ڈی پی شامل نہیں ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں بلوچستان عوامی پارٹی ، بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی، جمہوری وطن پارٹی اور ایچ ڈی پی کے وزراء حلف اٹھائیں گے ۔دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے صوبائی کابینہ کے نومنتخب اراکین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ نومنتخب صوبائی وزراء صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے وژن کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے اپنی صلاحیتیں بھرپور طریقے سے بروئے کار لائیں گے اور عوام نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اتریں گے، وہ نومنتخب صوبائی وزرا ء سے بات چیت کررہے تھے جنہوں نے حلف برداری کی تقریب کے بعد ان سے ملاقات کی۔ اراکین قومی اسمبلی میر خالد خان مگسی، سردار اسرار خان ترین اور اراکین صوبائی اسمبلی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزراء نے ان پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں کابینہ کا حصہ بنانے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ صوبے کی تعمیر وترقی کے وژن کو آگے بڑھانے میں وزیراعلیٰ کے دست وبازو بنیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت سے صوبے کے عوام کو بہت سی توقعات وابستہ ہیں جن پر پورا اترنے کے لئے ہمیں دن رات محنت کرنا ہوگی اور اپنی تمام تر توجہ صوبے کے دیرینہ مسائل کے حل کی جانب مرکوزکرنا ہوگی انہوں نے کہا کہ اس وقت صوبے کو جن مسائل اور چیلنجز کا سامنا ہے ان سے نمٹنے کے لئے ایک ٹیم کے طور پر کام کرنا ہے ہمارے وسائل کم اور مسائل زیادہ ہیں۔ ہمیں سادگی اور کفایت شعاری پر عمل پیرا ہوتے ہوئے دستیاب وسائل کے بہترین مصرف کو یقینی بنانا ہوگا۔ کیونکہ ہم وسائل کے ضیاع کے ہر گز متحمل نہیں ہوسکتے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی کابینہ کا پہلا اجلاس منگل کے روز طلب کیا جائے گا اس حوالے سے انہوں نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ اہم امور کو کابینہ کے ایجنڈے میں شامل کیا جائے اور کابینہ کے اراکین کو ایجنڈے کی بروقت ترسیل کو یقینی بنایا جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کابینہ کے اختیارات میں مزید اضافہ ہوا ہے جو تمام اہم صوبائی امور کے حوالے سے فیصلے کرنے کی مجاز ہے۔ انہوں نے نومنتخب وزرأ کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔