اپوزیشن کا اپنا چیئرمین سینٹ لانے کا فیصلہ

  • August 26, 2018, 10:57 pm
  • National News
  • 465 Views

کوئٹہ(این این آئی) اپوزیشن جماعتوں نے صدارتی الیکشن کے بعد سینیٹ میں اپنا چےئرمین سینیٹ لانے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے اس حوالے سے قرعہ فال پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر سینیٹر عثمان خان کاکڑاورنیشنل پارٹی کے صدر سینیٹر حاصل خان بزنجو کے نام نکلنے کا امکان ہے ،تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مری میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سربراہ شہباز شریف کی زیر صدارت ہونیوالے اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں صدارتی الیکشن ،25جولائی کے عام انتخابات میں دھاندلی کیخلاف ممکنہ احتجاجی تحریک چلانے اور چےئرمین سینیٹ کی تبدیلی کے معاملات زیر غور آئے اجلاس میں شریک جماعت اسلامی اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے تجویز دی کہ چونکہ سینیٹ میں اپوزیشن اتحاد کو برتری حاصل ہے اس لئے ہمیں صدارتی انتخاب کا مرحلہ طے کرنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ چےئرمین سینٹ صادق سنجرانی کو تبدیل کرکے ان کی جگہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینیٹر عثمان خان کاکڑ یا سینیٹر میر حاصل خان بزنجو میں سے کسی ایک کو چےئرمین سینیٹ بنانا چاہئے تاکہ حکمران اتحاد کو سینیٹ میں ٹف ٹائم دیا جاسکے اجلاس میں شریک اکثر جماعتوں کے رہنماؤں نے اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر عثمان خان کاکڑ کا جمہوریت اور سینیٹ کے اختیارات سے شروع دن سے دو ٹوک موقف رہا ہے اس لئے اگر بلوچستان سے چےئرمین سینیٹ منتخب کرانا ہو تو سینیٹر عثمان کاکڑ ایوان بالا میں حکمران اتحاد کیلئے مشکلات پیدا کرسکتے ہیں اس حوالے سے باضابطہ فیصلہ صدارتی انتخاب کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں کیا جائیگا۔