کرپشن کا خاتمہ مدینہ جیسی فلاحی ریاست کا قیام ناگزیر ہے ، مولانا ہاشمی

  • August 21, 2018, 12:19 am
  • National News
  • 95 Views

کوئٹہ ( پ ر )جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے نومنتخب وزیر اعظم عمران خان کے قوم سے خطاب پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک سے کرپشن کے خاتمے،سادگی اختیارکرنے اور ملک کو مدینہ جیسی فلاحی ریاست بنانے کے حوالے سے عمران خان کے قوم سے خطاب کاخیر مقدم کرتے ہیں۔اگر نومنتخب وزیر اعظم نے اپنے اس عوامی ایجنڈے پر عمل درآمد کیا تو اسے قومی سطح پر پذیرائی ملے گی۔ہم ہرحکومتی اچھے اقدام کو سراہیں گے اورخرابی پر حکمرانوں کو توجہ دلاتے رہیں گے،یہی ایک اچھی اپوزیشن کاتعمیری کردار ہوتاہے۔دعوؤں اور وعدوں کوپوراکرنے کا وقت آگیا ہے۔انہوں نے کہاکہ نومنتخب وزیر اعظم عمران خان کواپنے پہلے قوم سے خطاب میں دہشتگردی،بلوچستان کے مسائل کے حل،مسئلہ کشمیر،لاپتہ افراد سمیت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کاتذکرہ بھی کرنا چاہئے تھا۔ چہروں کی تبدیلی سے عوام کی تقدیر نہیں بدل سکتی اس کے لیے ضروری ہے کہ جومنشور پی ٹی آئی نے انتخابات سے قبل دیاتھا اس پر من وعن عمل درآمد کیا جائے۔عوامی توقعات بہت بڑھ چکی ہیں، اس لیے اب محض نعروں،دعوؤں اور وعدوں سے کام نہیں چلے گا۔ماضی کے حکمرانوں نے اگر عوام کی فلاح وبہود کے لیے حقیقی معنوں میں کام کیاہوتاتو آج سیاسی منظر نامہ مختلف ہوتا۔ بلاشبہ پاکستان اور اس کے عوام نازک صورتحال سے دوچار ہیں۔قرضوں سے ملک کو نجات دلانے ، قومی دولت برآمد کرنے ،لوٹی ہوئی بیرون ملک قومی دولت لانے کیلئے فوری منصوبہ بندی کی ضرور ت ہے ،کرپٹ کوئی بھی ہوان کے خلاف کاروائی ہونی چاہیے ۔معیشت سے لے کر خارجی امور تک دباؤکاشکار نظر آتے ہیں۔قومی اجتماعی مسائل اوردیرینہ مسائل و مشکلات سے نکلنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پرمخلصانہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔کرپشن سے پاک اوردیانتدار قیادت ہی ملک وقوم کو درپیش مسائل سے نکال سکتی ہے۔جماعت اسلامی کرپشن فری پاکستان کی تحریک پہلے سے ہی چلا رہی ہے۔کرپشن کے خلاف حکومت اقدامات کے سلسلے میں جماعت اسلامی حکومت سے بھرپورتعاون کرے گی۔مولانا عبدالحق ہاشمی نے مزیدکہاکہ مسائل سے چھٹکارے اور ملکی ترقی کے لیے تمام کرپٹ افراد کا محاسبہ کیاجائے۔لوٹ مار اور قومی خزانے میں خرد برد کرنے والے قومی مجرم ہیں ان کو پابندسلاسل کیاجانا چاہئے۔