گڈ گورننس کا قیام مالی وانتظامی نظم ونسق اور امن وامان کی بہتری ان کی ترجیحات ہیں،وزیراعلیٰ

  • August 21, 2018, 12:18 am
  • National News
  • 80 Views

کوئٹہ(خ ن ) وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ گڈ گورننس کا قیام مالی وانتظامی نظم ونسق اور امن وامان کی بہتری ان کی ترجیحات کاحصہ ہیں۔ ان ترجیحات پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ صوبائی محکمے اپنی استعداد کار میں اضافہ کرتے ہوئے کارکردگی کو بہتر بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی حکام سے بات چیت کرتے ہوئے کیاجنہوں نے پیر کے روزان سے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں چیف سیکریٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر، آئی جی پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات حافظ عبدالباسط اور سیکریٹری خزانہ قمر مسعودشامل تھے۔ وزیراعلیٰ کو اس موقع پر صوبے کے مالی وانتظامی امور،دستیاب وسائل، ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت اور امن ومان کی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی گئی جبکہ ملاقات میں گورننس سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ہدایت کی کہ غیر ترقیاتی اخراجات کو کم سے کم سطح پر رکھتے ہوئے سادگی اور کفایت شعاری کی پالیسی اختیار کی جائے وسائل کے صحیح مصرف کو یقینی بناتے ہوئے انہیں عوام کے فلاح وبہبود کے منصوبوں کے لئے بروئے کار لایا جائے اور امن وامان کی بہتری اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے بھرپور اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ منصوبہ بندی وترقیات، محکمہ خزانہ سمیت دیگر تمام محکموں سے متعلق امور کے حوالے سے بریفنگ تیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اور کہا کہ وہ ذاتی طور پر محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔