ہمارے غیور عوام کی ہمیشہ ہر سطح پر تائید وحمایت قابل تحسین اور قابل تقلید ہے، پشتونخو ا ملی عوامی

  • August 21, 2018, 12:16 am
  • National News
  • 193 Views

خانوزئی(پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پشتونخوامیپ ان کی قیادت عہدیداروں کارکنوں کی تاریخ ساز قربانیوں سے لبریز جدوجہد اور ہمارے غیور عوام کی ہمیشہ ہر سطح پر تائید وحمایت قابل تحسین اور قابل تقلید ہے اور پشتونخوامیپ کے امیدواروں کی انتخابی شکست اسٹیبلشمنٹ اور ان کے متعلقہ اداروں کی پشتون دشمن سازشوں اور دھاندلی کا نتیجہ ہے جو کبھی بھی نہ بھولنے والی پشتون دشمن اقدام تھا۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخوامیپ کے مرکزی کمیٹی کے اراکین ضلع پشین کے ایگزیکٹو حاجی عبدالحق ابدال ، علی محمد کلیوال ، ڈاکٹر حبیب الحق ،محمد الدین باچا ، عبید اللہ پانیزئی اور علاقائی سیکرٹری نے خانوزئی ، بلوزئی، مرغہ زکریازئی چرمیان اور رود ملازئی کے علاقائی کمیٹیوں کے توسیع اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں مختلف امور پر بحث ومباحثہ کرکے فیصلے کےئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ کے محبوب چےئرمین محترم مشر محمود خان اچکزئی کی قیادت میں پشتونخوامیپ نے ہمیشہ ملک میں جمہوریت اس کے استحکام ، آئین وپارلیمنٹ کی بالادستی ، قانون کی حکمرانی اور قوموں کی برابری کے حصول کیلئے تاریخ ساز جدوجہد کی ہے اور ملک ملک کے جمہوری سیاسی تحریکوں کو منظم ومتحد کرنے اور ملک میں جمہوری استحکام کیلئے پارٹی کے محبوب چےئرمین محترم مشر محمود خان اچکزئی ملک کے مظلوم اقوام اور مظلوم عوام کی حقیقی جمہوری آواز بن چکے ہیں۔ اور محترم مشر محمود خان اچکزئی نے سالہا سال سے تاریخ ساز جدوجہد کرتے ہوئے ملک کی اکثریت جمہوری قوتوں کو آئین وپارلیمنٹ کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے ہدف پر متحدومنظم رکھا اور ہر قسم کے استعماری استحصالی اور آمرانہ قوتوں کی عوام کی حق حکمرانی کیخلاف ہر قسم کی سازشوں کو بروقت بے نقاب کرتے رہے ۔ اسی لےئے موجودہ انتخابات میں محترم مشر محمود خان اچکزئی اور تمام پارٹی امیدواروں کے خلاف اسٹیبلشمنٹ اور ان کی متعلقہ اداروں نے سازش کے ذریعے ان کی جیت کو ہار میں تبدیل کیا ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ انتخابات کے دھاندلی پر مبنی نتائج پشتون ملت کو کسی بھی صورت قابل قبول نہیں کیونکہ مولانا فضل الرحمن ، اسفند یار ولی خان ، آفتاب شیر پاؤ سمیت دوسرے پشتون رہنماؤں کی ہار بھی اسی سازش کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس پشتون بلوچ دوقومی صوبے میں عسکری پارٹی کا قیام اور بدترین دھاندلی کے ذریعے ان کی نام نہاد جیت پشتون ، بلوچ ، ہزارہ سمیت سیٹلر اور صوبے کے تمام غیور عوام کو کسی بھی صورت دھوکہ نہیں دے سکتے بلکہ ان میں اکثریت ان عناصر کی شامل ہے جنہوں نے ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ اور آمرانہ قوتوں کے کاسہ لیس بن کر عوام کی حق حکمرانی کیخلاف ایجنٹ کا کردار ادا کرتے رہے ہیں اور ہمارے غیور عوام ان کاسہ لیس عناصر اور ان پر آشر باد رکھنے والے ہاتھوں کو بخوبی جانتے ہیں اور پشتون ملت نے تاریخ میں کبھی بھی ایسے وطن دشمن عناصر اور ان کے آقاؤں کو کبھی بھی معاف نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی عہدیدار ، کارکن پارٹی نظم وضبط کے مطابق اپنی فعالیت دوبالا کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو مزید بروئے کار لائیں اور انفرادی اور اجتماعی ذمہ داریوں کو ادا کرتے ہوئے عید کے پروگراموں اور پشتونخوا بلڈ بینک کیلئے تفویض کردہ ذمہ داریوں کو بروقت پورا کرے۔