بی پی کے پارلیمانی گروپ کا اہم اجلاس ،عوامی مفاد پر اہم فیصلے

  • August 21, 2018, 12:15 am
  • National News
  • 214 Views

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان عوامی پارٹی کے چیئرمین وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت بی اے پی کے پارلیمانی گروپ کااہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے تمام اراکین صوبائی اسمبلی نے شرکت کی اجلاس میں مختلف صوبائی امور کا جائزہ لیتے ہوئے عوامی مفاد کے حوالے سے بعض اہم فیصلے کئے گئے اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ بلوچستان کے عوام نے بلوچستان عوامی پارٹی پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اترنے کے لئے پارٹی کے تمام عہدیدار اور اراکین اسمبلی عوام کے مسائل کے حل اور صوبے کی ترقی کے لئے اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے اور مخلوط حکومت میں شامل دیگر سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلا جائے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سینٹ کی خالی ہونے والی نشست پر حلیف جماعتوں کی مشاورت سے مشترکہ امیدوار نامزد کیا جائے گا بیروزگاری کے خاتمے اور باصلاحیت نوجواوں کو ضلع کی بنیاد پر ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔ قواعد وضوابط سے ہٹ کر کی جانے والی تعیناتیوں کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا۔ مالی سال 2018-19 کی پی ایس ڈی پی میں شامل غیرمنظور شدہ ترقیاتی منصوبوں کا بھی دوبارہ سے جائزہ لے کر ان منصوبوں پر عملدرآمد یا انہیں روکنے کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا جبکہ گذشتہ سال کی پی ایس ڈی پی میں شامل ایسے منصوبے جن پر کام کا آغاز نہیں ہوا یا ان پر 30فیصد سے کم پیشرفت ہے ان پر بھی عملدرآمد روک دیا جائے گا۔ اجلاس میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ شادی کور ڈیم کے منصوبے میں مقامی لوگوں کو ملازمتوں کی فراہمی کے طے شدہ فیصلے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دیگر علاقوں کے لوگوں کو ملازمتیں فراہم کی گئیں جس سے مقامی آبادی میں بے چینی پائی جاتی ہے اور منصوبہ تعطل کا شکار ہے لہٰذاغیرقانونی بھرتیوں کو منسوخ کرکے مقامی اور اہل امیدواروں کو ملازمتیں دی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے حلقوں اورضلعوں کا باقاعدگی کے ساتھ دورہ کرکے لوگوں کے مسائل حل کریں خاص طورپر تعلیم، صحت اور آبنوشی کے شعبوں کی بہتری کے لئے اقدامات تجویز کریں تاکہ ضلعی سطح پر سماجی شعبہ ترقی کرسکے جبکہ وہ خود بھی متعلقہ محکموں کے سیکریٹریوں کے ہمراہ صوبے کے تمام علاقوں کا دورہ کریں گے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ اراکین اسمبلی اپنے اپنے علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیں اور ان کی نگرانی بھی کریں تاکہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل ممکن ہوسکے اور عوام ان منصوبوں سے استفادہ کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور لیویز کی بہتری اور تھانوں کے نظام کو نقائص سے پاک کرکے عوام کو تحفظ اور فوری ریلیف فراہم کیا جاسکتا ہے لہٰذا اراکین اسمبلی اس حوالے سے بھی زمینی حقائق کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات دیں،وزیراعلیٰ نے کہا کہ اراکین اسمبلی کے دوروں کی روشنی میں عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے فوری اور موثر اقدامات کئے جائیں گے جبکہ ڈپٹی کمشنر کے دفاتر میں شکایات مراکز قائم کرکے عوامی مسائل سے آگاہی بھی حاصل کی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان عوامی پارٹی آئندہ بلدیاتی انتخابت میں بھرپور حصہ لے گی اور اس ضمن میں فوری طور پر تیاری کا آغاز کیا جائے گا۔ اجلاس میں تعلیمی اداروں بالخصوص لڑکیوں کے اسکولوں میں ٹوائلٹ، پینے کے پانی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں وفاق سے متعلق امور کی انجام دہی کے لئے اسلام آباد میں منی سیکریٹریٹ کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا جو وفاقی اور صوبائی حکومت کے درمیان پل کا کردارادا کرے گا۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ بلوچستان عوامی پارٹی اتحادی جماعتوں اور حزب اختلاف کی جماعتوں کے تعاون سے تعلیم، صحت، آبنوشی اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے گی جس سے عوام کو ایک مثبت تبدیلی کا احساس ہوگا اور ان کا حکومت اور حکومتی اداروں پر اعتماد بحال ہوسکے گا۔اجلاس میں اس بات کا فیصلہ بھی کیا گیا کہ گڈ گورننس کو یقینی بنانے کے لئے تمام سطحوں پر تعیناتیاں وتبادلے میرٹ اور قواعد وضوابط کے مطابق کئے جائیں گے تاکہ کسی افسر اور اہلکار کے ساتھ زیادتی نہ ہو۔