بلوچستان کا احساس محرومی ختم کرنے کیلئے قانون سازی کرینگے ، قاسم سوری

  • August 21, 2018, 12:15 am
  • National News
  • 109 Views

کوئٹہ( ویب ڈیسک )ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کوئٹہ ائرپورٹ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 25جولائی کے الیکشن میں کوئٹہ کے شہریوں نے قوم پرستی اور مذہب پرستی کی سیاست کو دفن کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دیکر مجھے بھاری اکثریت سے رکن قومی اسمبلی منتخب کیا ،ایوان کے اندر بلوچستان کے عوام میں پائی جانے والی احساس محرومی کو دور کرنے کے لیے قانون سازی کرینگے ،وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس کی 88گاڑیوں میں سے صرف دو گاڑیاں اپنے پاس رکھنے کا اعلان کرکے پاکستان میں سادگی وکفایت شعاری کے کلچر کاآغاز اپنی ذات سے کردیا ہے ،اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے رہنماء حاجی سمندرخان کاسی ،خالقداد نورزئی ،ملک غفار کاکڑ ،اشرف ناصر ،ڈاکٹر ثناء اللہ ،ہمایون خان اور دیگر بھی موجودتھے۔قاسم خان سوری نے کہا کہ 1986کے بعد قومی اسمبلی میں پہلی بار ڈپٹی سپیکر کا عہدہ بلوچستان کو ملا ہے جبکہ وفاقی کابینہ میں زبیدہ جلال، نورالحق قادری ،پرویز خٹک ،فہمیدہ مرز ا اور دیگر وزراء کا تعلق چھوٹے صوبوں سے ہیں،25جولائی کو کوئٹہ کے عوام نے دھماکے باوجود پولنگ اسٹیشن پہنچ کر ماضی میں ہونے والے ظلم وذیاتیوں کے خلاف ووٹ کاسٹ کرتے ہوئے تحریک انصاف کو ووٹ دئیے بہت جلد کوئٹہ کے شہری صوبے میں واضح تبدیلی محسوس کرینگے ،بدقسمتی سے کوئٹہ شہریوں کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے قوم پرست پارٹی نے عوام کی خدمت کی بجائے تمام عہدے اپنے خاندان میں بانٹ دئیے جبکہ وزیراعظم عمران خان نے مجھے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نامزد کرکے بلوچستان کو اعزاز بخشا ہے ،بطور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نامزدگی کے بعد مجھے کمپیئن کا صرف ایک ہی دن ملا جس میں ہم نے حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کے ساتھ اپوزیشن جماعتوں کے اراکین قومی اسمبلی سے بھی رابطہ کرکے ووٹ دینے کی درخواست کی میں تمام اتحادی جماعتوں اور تحریک انصاف کے قیادت کا شکر گزار ہوں کہ مجھے قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر انتخاب کے موقع پر 183ووٹ ملے ،وزیراعظم عمران خان کا قوم سے خطاب مثالی تھا جس کو ملک کے تمام طبقات کے لوگوں نے سراہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفا ق میں بلوچستان کی نمائندگی کا مقدمہ بھر پور انداز میں لڑونگا اور اسلام آباد میں بلوچستان کے نوجوانوں کی آواز بنوگا۔