پشتونخوامیپ کی افغانستان کے یوم آزادی پر مبارکباد

  • August 19, 2018, 11:11 pm
  • National News
  • 357 Views

کوئٹہ ( پ ر ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے پریس ریلیز میں آزاد جمہوری افغانستان کی استقلا ل وآزادی کے 99ویں یوم آزادی کے موقع پر تمام غیور افغان ملت،افغان حکومت،ملک وخطے کے تمام جمہوری ترقی پسند اور وطن دوست قوتوں اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آج سے 99ویں سال قبل افغانستان کے بادشاہ غازی امان اللہ خان نے فرنگی استعمار کیخلاف افغانستان کی آزادی واستقلال کا اعلان کرتے ہوئے افغانستان کو ایک آزاد اور خودمختیار ملک کی حیثیت دلائی اور اس راہ میں غیور افغان پشتون ملت نے ہر محاذ پر ماضی کی طرح فرنگی استعمار کوشکست سے دو چارکرکے اپنے وطن کا دفاع کیااور دنیا میں پہلی مرتبہ افغان ملت نے انگریزی سامراج کو شکست دی ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان غیور عوام ایسے حالات میں اپنی آزادی واستقلال کا 99ویں یوم آزادی منارہے ہیں جب آزاد وجمہوری افغانستان میں اسلام آبادکے استعماری وآمرانہ قوتوں کی مسلح مداخلت وجارحیت بتدریج جاری ہے اور افغانستان کی منتخب جمہوری حکومت اور افغان عوام اپنے مادر وطن کے دفاع کی جنگ اور افغانستان کی تعمیر وترقی اور مکمل امن کے قیام کی راہ پر گامزن ہے ۔ بیان میں افغانستان کے تمام قوتوں اور غیور افغان عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ آزاد وجمہوری افغانستان کی دفاع اورامن و تعمیر نواور ترقی کیلئے متحد ہوکر افغانستان کی آئین کے تحت سیاسی وجمہوری عمل میں شامل ہوجائیں اور مداخلت کاروں کے ناپاک عزائم و ارادوں کو ناکام بنائیں۔