سردار اختر مینگل اور مولانا فیض محمد کے درمیان ملاقات،ایوان میں مضبوط اپوزیشن کاکردار ادا کرنے پر اتفاق

  • August 19, 2018, 11:10 pm
  • National News
  • 277 Views

خضدار(نامہ نگار)بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ورکن قومی اسمبلی سردار اختر جان مینگل اور جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے امیر سینیٹر مولانافیض محمد کے درمیان ملاقات ،ملاقات میں جے یوآئی کے رہنماء سابق صوبائی وزیر وڈیرہ عبدالخالق موسیانی بھی موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملکی صوبائی اور علاقائی معاملات پر گفت و شنید ہوئی ، اکتوبر میں ہونے والے ضمنی انتخابات پر دونوں رہنماؤں کے مابین صلاح و مشورے کیئے گئے ۔جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے امیر و سینیٹر مولانافیض محمد کاکہنا تھا قانون ، آئین و پارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے ہمارا جدوجہد جاری ہے ، ہماری جماعت اپوزیشن میں رہ کر موثر کردار ادا کریگی ۔جے یوآئی اور بی این پی نے بلوچستان کے عوام کے حقوق اورجمہوریت کی مضبوطی کے لئے جس طرح ساتھ نبہائی ہیں اور مل کر آگے بڑھ رہی ہیں اس کے دور رس نتائج برآمد ہونگے اوردونوں جماعتوں کی ہم آہنگی بلوچستان کی سیاست پر مثبت اثرات مرتب کریگی ۔بی این پی کے قائد سردار اختر جان مینگل کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی عوام کے ہم سے کافی توقعات اورامیدیں وابستہ ہیں ، عوام بھروسہ رکھیں اسمبلیوں میں ان کی حقیقی معنوں میں آواز بنیں گے مراعات اور اقتدار پر عوام کی خواہشات اور مفادات کو ترجیح دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بی این پی اور جمعیت علمائے اسلام دونوں جماعتیں خضدار کی سطح پر ایک ساتھ انتخابات لڑے اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا ، آئندہ بھی دونوں جماعتیں سیاسی معاملات میں ایک ساتھ آگے بڑھنے کی کوشش کریں گی ۔