چیئرمین سینٹ پارلیمانی وفد کے ہمراہ آج چین جائینگے

  • August 15, 2018, 11:47 pm
  • National News
  • 82 Views

کوئٹہ (آن لائن )چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی 9رکنی پارلیمانی وفد کے ہمراہ چین کے پانچ روزہ دورے پر آج رات روانہ ہوں گے ۔دورے کا مقصد چین کیساتھ پارلیمانی تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور کثیرالجہتی روابط کو وسعت دینے کیساتھ ساتھ سرمایہ کاری اور تجارتی مراسم کے لیے نئی راہیں ہموار کرنا ہیں ۔ اس دورے کی دعوت چین کی طرف سے دی گئی تھی ۔ چیئرمین سینٹ نے دورے پر روانگی سے قبل اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان چین کیساتھ دوستی کے تاریخی اور لازوال رشتے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے سے باہمی تعاون کو مزید استحکام ملے گا۔ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کی ایک اپنی تاریخ ہے اور یہ دوستی وقت کے ہر امتحان پر پوری اتری ہے۔پاکستان اور چین کی عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔وفد اپنے اس دورے کے دوران چین کے وزیر خارجہ ، این پی سی کے چیئرمین ، سی پی پی سی کے سربراہان اور دیگر ملاقاتوں کے علاوہ مختلف کمپنیوں اور تجارتی شعبوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کرے گا تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان سرمایہ کاری اور تجارتی روابط کو مزید فروغ دینے کے لیے نئے مواقعے تلاش کیے جائیں ۔صادق سنجرانی کا بحیثیت چیئرمین سینٹ چین کا یہ پہلا دورہ ہے ۔ یاد رہے کہ سینٹ نے تاریخی اعتبار سے پاک چین دوستی کو فروغ دینے کے لیے موثر کردار ادا کیا ہے۔ وفد میں سینیٹرز نزہت صادق ، ستارہ ایاز ، محمد اکرم ، دلاور خان ، کودہ بابر ، اعظم خان سواتی، بیرسٹرمحمد علی خان سیف ، مرزا محمد آفریدی او ر سیکرٹری سینٹ امجد پرویز شامل ہوں گے۔