پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کیا جارہا ہے ، گورنر

  • August 15, 2018, 11:44 pm
  • National News
  • 74 Views

کوئٹہ(خ ن ) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان نہ صرف معاشی اور تجارتی تعلقات استوار ہیں ۔ بلکہ دونوں ہمسائیہ ممالک اپنے دیرینہ تعلقات میں استحکام پیدا کرنے کیلئے عوامی رابطوں ، ثقافتی دوروں اور تعلیمی اداروں میں تعاون بڑھانے کیلئے سر گرم عمل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں چین کی جانب سے سو سے زائد افراد کو خیر سگالی کو طور پر پاکستان سے چین لے جانا جس میں بلوچستان کے بھی چوبیس افراد شامل تھے ایک خوش آئند عمل ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں سمرکیمپ این چائنا کے حوالے سے جانے والے بلوچستان کے تین نوجوان سید سلیمان خان ، بارک خان اچکزئی اور ادریس خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ معاشی تعلقات برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ کھیل ، ثقافت اور امور نواجوانان کے شعبوں میں عوامی رابطے اور ثقافتی دورے قائم رکھنا اشدضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح ہمارے نوجوان طبقہ کو دیگر ممالک اور اقوام کے مختلف سوشل سیٹ اپ اور ثقافتی ورثوں کو سمجھنے کے مواقع فراہم ہونگے ۔ اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ کئی شعبوں میں اشتراک عمل کو وسعت ملے گی اور ان سے عملی زندگی سے متعلق علم وتجربات سے استفادہ کرنے میں مدد ملے گی ۔