وطن عزیز کی ترقی وتحفظ ہماری ذمہ داری ہے ، گورنر /وزیراعلیٰ

  • August 13, 2018, 11:03 pm
  • National News
  • 170 Views

کوئٹہ(خ ن)نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین مری اور گورنر محمد خان اچکزئی نے 71ویں یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے ۔ اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ یہ ملک ہم نے اپنے آباو اجداد کی عظیم قربانیوں کے نتیجے میں حاصل کیا۔ اس کا تحفظ اور تعمیر و ترقی اب ہماری ذمہ داری ہے جس سے عہدہ برآہونے کے لئے ہمیں اپنے تمام فروعی اور گروہی اختلافات بھلا کر اور ہر قسم کے تعصبات سے بالا تر ہو کر ایک متحد قوم کی شکل میں کام کرنا ہوگا۔ وزیر اعلیٰ اور گورنر نے کہا کہ اس وقت وطن عزیز کو اندرونی و بیرونی چیلنجوں اور دہشت گردی کی عفریت کا سامنا ہے، ملک دشمن قوتیں بدامنی پھیلاکر پاکستان کو کمزور اور غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں تاہم اپنی صفوں میں مکمل اتحاد و اتفاق قائم کر کے ہم دشمنوں کے ناپاک عزائم ناکام بناسکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ اور گورنرنے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمودات اور شاعر مشرق ڈاکٹر محمد علامہ اقبال کی فکر کو مشعل راہ بناکر ہم پاکستان کو ایک عظیم اسلامی مملکت بناسکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر ہمیں اپنے ان شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کرنا چاہئے جنہوں نے قیام پاکستان سے اب تک ملک کے دفاع اور امن کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ وزیر اعلیٰ اور گورنر نے کہا کہ اگر اب بھی ہم ماضی سے سبق سیکھ کر اپنے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار نہ کر سکے تو آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔