عمران خان نے ہمارے 6نکات پر عملدرآمد کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، اختر مینگل

  • August 13, 2018, 11:02 pm
  • National News
  • 372 Views

کوئٹہ /اسلام آباد (پ ر+آئی این پی) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل نے کہا ہے کہ عمران خان نے ہمارے 6نکات پر عملدرآمد کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، آزاد بینچوں پر بیٹھ کرحکومت کوان کے وعدے یاد کرواتے رہیں گے،مضبوط اپوزیشن مضبوط جمہوریت کی بنیاد ہوتی ہے،اپوزیشن کا حق ہے کہ وہ حکومت کو ٹف ٹائم دے،پی ٹی آئی کا سو دن کا پلان بظاہر مشکل دکھائی دیتا ہے لیکن نیت صاف ہوئی تو کیے وعدے پورے کر سکے گے۔وہ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔اختر مینگل نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری تسلسل پر بلوچستان کی عوام خوش ہیں،اس بار قومی اسمبلی کے اندر حکومت اور اپوزیشن جماعتیں دونوں تگڑی ہیں،اپوزیشن کا حق ہے کہ وہ حکومت کو ٹف ٹائم دے، اس الیکشن پر ہمیں بہت سے شکوک و شبہات ہیں،جن کی تحقیقات ہونی چاہئیں، تمام منتخب اراکین قومی اسمبلی کو قومی ایجنڈے کیلئے کام کرنا ہو گا،اگر سیاسی جماعتوں کی لڑائیاں آپس میں جاری رہیں تو قوم کی امیدیں پوری نہیں ہوں گی،ہم نے بلوچستان کے عوام کے حقوق کیلئے آواز اٹھائی اور اپنے 6نکات پیش کئے ہیں، جس پر اپوزیشن اور حکومتیں جماعتیں متفق ہیں، عمران خان نے ہمارے 6نکات پر عملدرآمد کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور اسی شرط پر ہم حکومت کے اتحادی بنے ہیں لیکن ہم پھر بھی ایوان کے اندر آزاد بینچوں پر بیٹھیں گے اور حکومت کو گاہے بگاہے اپنی شرائط یاد کرواتے رہیں گے،مضبوط اپوزیشن مضبوط جمہوریت کی بنیاد ہوتی ہے، ہمیں ایوان کے اندر حق کی بات کریں گے، چاہے اس کیلئے ہمیں اپوزیشن کا ساتھ دینا پڑے یا حکومت کا، بلوچستان کی عوام ستر سالوں سے مسائل کی چکی میں پس رہے ہیں،ان کی محرومیوں کا مداوا کرنے کیلئے پارلیمنٹ میں آیا ہوں،پی ٹی آئی کا سو دن کا پلان بظاہر مشکل دکھائی دیتا ہے لیکن اگر نیت صاف ہوئی تو پی ٹی آئی اپنے وعدے پورے کر سکے گی۔