شہداء وطن کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرینگے ، اصغر اچکزئی

  • August 13, 2018, 11:00 pm
  • National News
  • 125 Views

کوئٹہ (ویب ڈیسک ) بلوچستان کی گیارہویں اسمبلی میں پوائنٹ آف آرڈر پر پہلا اظہار خیال اے این این پی کے پارلیمانی لیڈر اصغرخان اچکزئی نے شہداء کا تذکرہ کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ ہم اپنے شہداء کو نہیں بھولیں گے خواہ وہ شہداء بابڑہ ہوں ، 8اگست کے شہداء یاشہدائے 23اگست ہم تمام شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ان کی درخواست پر ایوان میں شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔واضح رہے کہ 25جولائی کے عام انتخابات میں جنرل اور مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والے اراکین صوبائی اسمبلی نے پیر کے روز اپنی رکنیت کا حلف اٹھایا۔ یہ اسمبلی بلوچستان کی پارلیمانی تاریخ کی گیارہویں اسمبلی ہے پیر کو نو منتخب اراکین اسمبلی کی حلف برداری کے بعد پوائنٹ آف آرڈر پر پہلا اظہارخیال عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر اصغرخان اچکزئی نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کل ہم نے شہداء بابڑہ1948ء کی برسی منائی ہے اس سے قبل 8اگست کے شہداء کی دوسری برسی منائی گئی 23اگست کے پی ایس ایف شہداء سب کی قربانیوں کو ہم ہمیشہ یاد رکھیں گے ہمارے ساتھ اسمبلی میں شہداء کے گھرانوں سے تعلق رکھنے والی ایم پی اے اور ان کے اہلخانہ موجود ہیں جبکہ دیگر واقعات میں جو لوگ شہید ہوئے ہیں ہمیں ان کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہئے انہوں نے کہا کہ شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی جائے جس کے بعد سپیکر کی ہدایت پر ایوان میں تمام شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔ بعدازاں اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اے این پی کے صوبائی پارلیمانی لیڈر اصغرخان اچکزئی نے رکنیت کا حلف اٹھانے والے تمام اراکین کو مبارکباد دی اور کہا کہ ہمارا امتحان اب شروع ہوگیا ہے عوام نے ہم پر جس بھرپور اعتماد کااظہار کیا ہے ہمیں چاہئے کہ ہم اس اعتماد کو ٹھیس نہ پہنچائیں اور اسمبلی کے فلور سے صوبے اور صوبے کے عوام کی خدمت کریں انہوں نے کہا کہ اگر خدانخواستہ ہم نے عوام کی امیدوں اور توقعات کا خیال نہیں کیا اور انہیں مایوس کیا تو پھر عوام بھی آئندہ ہم پر اعتماد نہیں کریں گے ہمارے صوبے میں مختلف مسائل موجود ہیں جن کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے انہی مسائل کے حل کے لئے عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا اور نمائندگی کے لئے اسمبلی کے ایوان میں بھیجا ہے اسمبلی کے تمام نو منتخب اراکین کو چاہئے کہ وہ اسمبلی کے فلور سے عوام کے دیرینہ مسائل کے حل کے لئے اپنا فعال کردار ادا کریں ۔