سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں طالبات کو ہراساں کرنیکی تحقیقات ایف آئی اے کے سپرد

  • August 12, 2018, 11:53 pm
  • National News
  • 445 Views

کوئٹہ (این این آئی)سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کوئٹہ میں طالبات کو ہراساں کرنے سے متعلق اطلاعات کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی ابتدائی تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی رپورٹ مرتب کرلی۔ کمیٹی نے یونیورسٹی میں طالبات کو ہراساں کرنے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا اور یونیورسٹی بدنام کرنے کیلئے جھوٹ پر مبنی بیانات سوشل میڈیا پر جاری کرنے والوں کے خلاف ایف آئی اے کے ذریعے تحقیقات کرانے کی سفارش کی ہے۔سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی میں طالبات کو جنسی طور پر ہراساں کرنے سے متعلق خبریں سوشل میڈیا پر گرد ش کرنے کے بعد نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین مری نے تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ نگراں وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ڈی آئی جی اسپیشل برانچ پولیس کاشف عالم کی سربراہی میں تین رکنی ابتدائی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ کمیٹی میں ڈائریکٹر جنرل سمال انڈسٹریزسائرہ عطا اور ایڈیشنل سیکریٹری سکولز سیکنڈری ایجوکیشن صلاح الدین نورزئی بھی شامل تھے۔ تین رکنی کمیٹی نے یونیورسٹی کا دورہ کرکے متعلقہ افراد کے بیانات قلمبند کئے۔ملاقاتیوں کا ریکارڈ چیک کیا اور یونیورسٹی کے سیکورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں یونیورسٹی کے سیکورٹی انتظامات ، طالبات کے یونیورسٹی کے اندر آنے اور جانے اور ملاقات کرنے کے طریقہ کار کو اطمینان بخش قرار دیا۔رپورٹ میں یونیورسٹی انتظامیہ کو اس بات پر غفلت کا مرتکب قرار دیا گیا کہ شکایات کے بروقت اور مؤثر ازالہ کیلئے کوئی سنجیدہ اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے پروٹیکشن اگینسٹ ہراسمنٹ آف وومن ایٹ ورک پلیس ایکٹ پر بھی عملدرآمد نہیں کیا جس کے تحت ادارے میں ہراساں کرنے سے متعلق کمیٹی کا قیام لازمی ہے مگر یونیورسٹی نے ایسی کوئی کمیٹی نہیں بنائی جہاں ہرساں کرنے سے متعلق شکایات کا ازالہ کیا جاتا۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے تحقیقاتی کمیٹی کا دورہ کرنے تک طالبات کی والدین کو بھی اس صورتحال میں اعتماد میں نہیں لیا۔تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی سفارشات میں کہا ہے کہ یونیورسٹی سے متعلق سوشل میڈیا پر جھوٹی اور جعلی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف ایف آئی اے کے ذریعے تحقیقات اور کارروائی کی جائے۔ یونیورسٹی میں وومن ہراسمنٹ ایکٹ کے تحت ہراساں کرنے سے متعلق شکایات کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے جو کسی بھی قسم کی شکایات کا بروقت اور مؤثر ازالہ کریں۔طالبات کے والدین سے رابطے میں رہ کسی بھی قسم کی شکایات کا بروقت سدباب کیا جائے۔تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکریٹری اور دیگر متعلقہ حکام کو پیش کردی گئی ہے۔دوسری جانب یونیورسٹی ذرائع نے بتایا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے پہلے ہی جھوٹی خبریں سوشل میڈیا پر جاری کرنے والوں کے خلاف کارروائی کیلئے ایف آئی اے سے رابطہ کرلیا ہے اور ایف آئی اے نے شکایت ملنے کے بعد باقاعدہ تحقیقات شروع کردی ہیں۔