پشتونخوامیپ کو سازش کے تحت پارلیمنٹ سے باہر رکھاگیا ، نصراللہ زیرے

  • August 12, 2018, 11:51 pm
  • National News
  • 218 Views

کوئٹہ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری حلقہ پی بی31سے نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے تختانی بائی پاس کے مختلف علاقوں سلیمانخیل کالونی مرحوم بخت محمد یونٹ ، غازی عبداللہ خان ابتدائی یونٹ ، معروف ٹاؤن ابتدائی یونٹ ، خان شہید ابتدائی یونٹ، مومن آباد ابتدائی یونٹ اور دیگر علاقوں میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے حلقہ پی بی31کے تمام ووٹرز اور عوام کا پارٹی کے حق میں ووٹ استعما لرکرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام تر مشکلات ، سازشوں ، انتخابات میں رکاوٹوں اور سب سے بڑھ کر انتخابات کے دن تعمیر نو ایجوکیشن کمپلیکس کے پولنگ سٹیشن پر وحشت ، دہشتگردی کے بڑے سانحہ کے باوجود جس جرات کے ساتھ عوام نے اپنا ووٹ پارٹی کے حق میں استعمال کیا وہ قابل ستائش ہے کیونکہ حلقے کے غیور عوام نے ایک بار پھر قوم دوستی ، وطن دوستی کا ثبوت فراہم کیا ۔ اجتماعات سے کونسلر حمد اللہ بڑیچ ،کونسلر نعیم اچکزئی، حاجی نظر محمد سلیمانخیل ، حاجی مئیو خان سلیمانخیل ، نور محمد خان ، حاجی عبدالحئی اچکزئی، پہلوان آکا ، امین اللہ کاکڑ ، یار محمد اچکزئی ، گل جان کاکڑ، نیک محمد خلجی اور دیگر مقررین نے خطاب کیا ۔علاوہ ازیں پارٹی کے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی نے تختانی بائی پاس میں 25جولائی کے سانحہ میں شہید ہونیوالے حاجی محبوب اچکزئی اور دیگر کے ورثاء سے ملاقاتیں کی اورسابقہ حکومت کے دور میں دہشتگردی کے واقعات میں شہید اور زخمی ہونیوالوں کے لئے معاوضہ کے حوالے سے منظو ر شدہ قانون اور لواحقین کیلئے معاوضے کی ادائیگی سے متعلق بات چیت کی۔ مقررین نے کہا کہ ایک سوچھی سمجھی سازش کے تحت پشتونخومیپ اور ملک کے دیگر جمہوری پارٹیوں اور ان کے رہنماؤں کو پارلیمنٹ سے دور رکھا گیا اور 25جولائی کے انتخابات ملک کے تاریخ کے بدترین دھاندلی پر مبنی انتخابات تھے جس میں وہ تمام منفی حربے استعمال کےئے گئے تاکہ اپنے من پسند پارٹی اور افراد کو مرکز اور صوبے میں لایا جایاسکے۔انہوں نے کہا کہ جب بھی انتخابات میں دھاندلی کی گئی اور اپنے مرضی کے نتائج حاصل کرنے کی کوشش کی گئی تو اس سے بہت بڑی تباہی آئی اور اب بھی اس دھاندلی اور ڈونگ انتخابات سے جو صورتحال پیدا ہوگی اس کی تمام تر ذمہ داری انہی قوتوں پر عائد ہوتی ہے جنہوں نے یہ سازش کی ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے آل پارٹیز کانفرنس نے جو بھی فیصلے کےئے پشتونخوامیپ اس کی بھرپور تائید وحمایت کریگی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور بلوچ متعصب پارٹی نے غیور پشتون افغان ملت کے خلاف ایک معاہدہ کیا ہے جس کی پشتونخوامیپ بھرپور مذمت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت نمائندہ ماضی میں بھی تمام حلقے کے عوام کا بلا امتیاز رنگ ونسل فرقہ ومذہب خدمت کی گئی ہے اور تمام علاقوں میں ترقیاتی سکیمات ، سکولز ، ہسپتالوں ، سڑکیں ، نالیوں ، بجلی کے سکیمات ، واٹر سپلائی سکیمات، ڈیمز اور دیگرترقیاتی سکیمات کے جال بچھائیں گئے اور اب بھی عوام کے بجٹ کو عوام کی ہی فلاح وبہبود کیلئے استعمال میں لایا جائیگا۔ دریں اثناء انہوں نے تختانی بائی پاس اور دیگر علاقوں کے قبائلی عمائدین حاجی نظر محمد ، حاجی معلم صاحب ،برات خان ، حاجی جانباز خان ، عبدالواسع خان نورزئی اور دیگر سے ملاقاتیں کی اور انتخابات میں پارٹی کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا۔