کرپشن کیسز کی سماعت، عمیر اسلام کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری

  • August 10, 2018, 10:35 pm
  • National News
  • 234 Views

کوئٹہ (آئی این پی ) احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج جناب منور احمد شاہوانی کے روبرو غیر قانونی بھرتیوں اور غیر قانونی اثاثہ جات بنانے ،منظور نظر افراد کو ٹھیکے دینے سے متعلق دائر ریفرنسز کی سماعت ہوئی عدالت نے عمیر اسلام اور دوسرے گواہ کی سماعت کے موقع پر پیش نہ ہونے پر قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جبکہ ریفرنسز کی سماعت کے دوران مختلف گواہان کے بیانات بھی قلم بند کرلئے گئے ۔گزشتہ روز کریم کیازئی ودیگر کے خلاف احتساب عدالت ون کے روبروغیر قانونی بھرتیوں سے متعلق دائر ریفرنس کی سماعت ہوئی تاہم سماعت کے دوران طلب کئے گئے گواہان عمیر اسلام اور دوسرے پیش نہ ہوسکے جس پر عدالت نے ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے اس کے علاوہ محکمہ تعلیم میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس کی بھی سماعت ہوئی جس کے دوران گواہ اکاؤنٹ آفیسر محمد حسین کا بیان قلم بند کرلیا گیا جبکہ ایک اور کیس میں نیب کے یوڈی سی باز محمد کابیان قلم بند کیاگیا تاہم وکلاء صفائی کی استدعا کے باعث ملزم پر جرح نہ ہوسکی بعدازاں عدالت نے مذکورہ ریفرنسز کی سماعت28اگست تک کیلئے ملتوی کردی ۔عدالت نے محکمہ صنعت وحرفت کے سابق ایکسین عدیل انور کے خلاف دائر ریفرنس کی بھی سماعت کی جس کے دوران گواہ محمد یعقوب کا بیان قلم بند کرلیاگیا جس پر جرح مکمل کرلی گئی ،مذکورہ کیس کی سماعت16اگست تک کیلئے ملتوی کردی گئی ،غیر قانونی الاٹمنٹ ریفرنس میں نامزدمفرور ملزم غلام فریدپٹواری کے خلاف دائر ریفرنس میں گرفتار ملزم مختار احمد عدالت کے روبرو پیش ہوئے سماعت کے دوران گواہ سعید احمد پٹواری نے اپنا بیان قلم بند کروادیا،بعدازاں ریفرنس کی سماعت 17اگست تک کیلئے ملتوی کردی گئی ۔