نئی حکومت بلوچستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے بجلی لوڈشیڈنگ اوربے رزگاری کا خاتمہ کرے،جماعت اسلامی

  • August 10, 2018, 10:34 pm
  • National News
  • 117 Views

کوئٹہ (پ ر)جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ نئی حکومت بلوچستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے بجلی لوڈشیڈنگ اوربے رزگاری کا خاتمہ کریں بلوچستان کو بجلی لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ دیں تاکہ بلوچستان کی معاشی صورتحال میں بہتری آئیں روزگارکو اہل وپڑھے لکھے نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر دیں ۔صوبائی دارالحکومت میں بجلی لوڈشیڈنگ دورانیہ 8سے بڑھ کر12گھنٹے روزانہ ہوگیا ہے دیہاتوں میں صورتحال بہت خراب ہے ۔حکومت روزگاری کی فراہمی ،عوامی مسائل کو حل اور معیشت کی بہتری کیلئے فوری عملی اقدامات اُٹھائیں۔انہوں نے بلوچستان میں بڑھتی ہوئی غربت ،بجلی لوڈشیڈنگ،بے روزگاری،مہنگائی اورعوامی مسائل میں مسلسل اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غربت ،مہنگائی ،بجلی لوڈشیڈنگ اور بے روزگاری نے عام آدمی کا جینا دو بھر کردیا ہے اور عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے ۔ہر گذرتے دن کے ساتھ بے روزفاری ومہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے ،ایک جانب سے مہنگائی کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے تو دوسری جانب بد امنی نے عوام کو اعصابی تناؤ اور شدیدذہنی اذیت کا شکار کر دیا ہے ،پورا صوبہ عملاً مسائل کی آماج گا ہ بن گیا ہے ،انتخابات سے قبل عوام کو سنہرے خواب دکھانے والے اقتدار ملتے ہی اپنے نعرے ،دعوے اور وعدے فراموش کر دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ ناقص اقتصادی پالیسیوں نے عوام کی رہی سہی قوت خرید بھی ختم کر دی ہے ،کوئی دن نہیں جاتا جس میں کسی نہ کسی چیز کی قیمت میں اضافہ نہ ہوتا ہو ،حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے مسلسل ان کے مسائل و مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے ۔اشیائے خورد و نوش سے لے کر ضروریات زندگی کی بنیادی اشیاء حتیٰ کہ بجلی کے نرخوں تک میں ہو شر با اضافہ کر کے عوام کی کمر دوہری کردی گئی ہے اور المیہ یہ ہے کہ کوئی پوچھنے والا بھی نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوام کے حق میں آواز بلند کی ہے ۔جماعت اسلامی بجلی کی لوڈشیڈنگ ،اوور بلنگ اوردیگر عوامی مسائل میں اضافے ،غربت ،مہنگائی اور بے روز گاری کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی اور عوامی جدو جہد کے ذریعے حکومت کو مجبور کیا جائے گا کہ وہ مہنگائی ختم کر کے عوام کو ریلیف فراہم کرے ۔