’رند‘‘ کو ویسے بھی ’’جام‘‘ پسند ہے البتہ اب ’’انکی‘‘ سرپرستی نے ’’جام‘‘ کو ’’باکمال‘‘ بنادیا ،حافظ حسین احمد

  • August 10, 2018, 10:34 pm
  • National News
  • 308 Views

کوئٹہ(پ ر)جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان اور متحدہ مجلس عمل کی رابطہ کمیٹی کے سربراہ حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ ’’رند‘‘ کو ویسے بھی ’’جام‘‘ پسند ہے البتہ اب ’’انکی‘‘ سرپرستی نے ’’جام‘‘ کو ’’باکمال‘‘ بنادیا ۔وہ جمعہ کو اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں مختلف وفود سے گفتگو کررہے تھے، اس موقع پر جے یو آئی پنجگور کے رہنما حاجی عبدالعزیز، زیارت کے رہنما مولوی عبدالظاہر، ضلع کوئٹہ کے رہنما مولوی محمد ساسولی، حکیم محمد عیسیٰ ، حافظ زبیر احمد اور دیگر بھی موجود تھے، حافظ حسین احمد نے کہاکہ بلوچستان کے گھمبیر مسائل کے حل کے بجائے اقتدار پر تابعدار عناصر کو لانے کے لیے ’’پیکج ڈیل‘‘ لیا جاتارہا ہے اور اب بھی اسی فارمولے کو ایک نئے انداز سے ایک بار پھر آزمایا جارہا ہے اس سے صوبہ بلوچستان کے دکھوں کا مدوا ممکن نہیں اللہ نہ کرے اس کا انجام بھی ماضی کی طرح ’’آغاز حقوق بلوچستان‘‘ جیسا ہو، جمعیت کے رہنما نے کہا کہ ’’بھان متی ‘‘ کے کنبہ کو جوڑنا ’’ان‘‘ کے لیے آسان ہے مگر ان کو متحد و متفق رکھنا ممکن نہیں ہوگا خصوصاً اس صورت میں کہ ایم ایم اے اور بی این پی (مینگل) اپوزیشن میں ہوں بہر حال مظلوم بلوچستان کے عوام ’’جام کمال‘‘ کے ’’باکمال‘‘ پرواز کے لیے دعاگو ہیں تاکہ گوناگون مشکلات سے باکمال پرواز ’’جام ‘‘ نہ ہو۔