بلوچستان میں حکومت سازی ، تحریک انصاف اور بی این پی میں چھ نکات پر اتفاق ،مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے

  • August 8, 2018, 11:30 pm
  • National News
  • 766 Views

کوئٹہ(این این آئی)تحریک انصاف اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے درمیان 6نکاتی تحریری معاہدے پر دستخط ہوگئے جسکے تحت بلوچستان نیشنل پارٹی مرکز میں تحریک انصاف کے نامزد وزیراعظم ،اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی مکمل حمایت کریگی ۔اس بات کا اعلان تحریک انصاف پاکستان کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے صدر سرداراختر جان مینگل نے بدھ کی رات مینگل ہاؤس میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین ،بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند،تحریک انصاف کے رکن اسمبلی نصیب مری ، عمر جمالی ،بابر خان موسیٰ خیل،مبین احمد،بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری و سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی ،مرکزی سیکرٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی آغا حسن بلوچ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے ارکان اسمبلی اختر حسین لانگو، بابو رحیم مینگل ، ثناء بلوچ ،احمد نواز ،ساجد ترین ایڈووکیٹ،سابق رکن صوبائی اسمبلی اکبر مینگل اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ سرداراختر جان مینگل نے کہا کہ ہمارے ساتھ70سال سے جو وعدے کئے جاتے رہے ہیں اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا پہلی مرتبہ تحریک انصاف کے ساتھ ہماراچھ نکاتی تحریری معاہدہ ہوا ہے جس میں سرفرست لاپتہ افراد کی بازیابی ،نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ،وفاق میں بلوچستان کا ملازمتوں کا کوٹہ ،افغان مہاجرین کے مسئلے کو فوری حل کرناشامل ہے اس کے علاوہ دیگر مسائل پر بھی بات ہوئی ہے اور تحریری معاہدہ ہوگیا ہے امید ہے اس پر عملدرآمد کیا جائے گا یہ معاہدہ تحریک انصاف اور بی این پی کے درمیان مرکز تک ہے ہماری کوشش ہوگی کہ اس معاہدے پر فوری عملدرآمد کیا جائے گاہم تحریک انصاف کو معاہدے پر عملدرآمد کا پورا موقع دیں گے اگر معاہدے پر عملدرآمد نہیں ہوا تو ہم بھی کچھ سوچ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہمارا جمعیت علماء اسلا م کے ساتھ جو معاہدہ ہے اس پر قائم ہے دیکھیں گے کہ آگے چل کرہم حکومت میں شامل ہوتے ہیں یا حکومت بناسکتے ہیں اگر کچھ نہ کرسکے تو اپوزیشن میں بیٹھ جائیں گے ہمارے نزدیک عہدوں اور وزارتوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عملی طور پر یہ ثابت کرنا ہوگا کہ ہمارے ساتھ تحریک انصاف نے جو معاہدہ کیا ہے اس پر عملدرآمد کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ یہ حکومت جووجود میں آرہی ہے ہم چاہتے ہیں کہ اس پانچ سال کے دوران جو وعدے کئے ہیں اسے پورا کرے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں وزارت اعلیٰ کیلئے کوئی اختلافات نہیں ہیں عمران خان ہمارے لیڈر ہیں اور خیبر پختونخوا میں انہوں نے جس کو بھی وزیراعلیٰ نامزد کیا ہے اس پر عملدرآمد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سردار اختر جان مینگل ہمارے لئے قابل احترام ہیں انکے ساتھ ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں انشاء اللہ ہم اپنا وعدہ نبھائیں گے اورانکا بھر پور ساتھ دیں گی۔ سرداراختر جان مینگل نے کہا کہ ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ جمعیت ہمارے ساتھ ہم جلد مشترکہ اجلاس بلارہے ہیں جس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔