اے پی سی میں شامل جماعتوں کا آج الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرے کا اعلان

  • August 8, 2018, 10:53 pm
  • National News
  • 99 Views

کوئٹہ( پ ر) آل پارٹیز میں شامل جماعتوں کا مشترکہ اجلاس ایم پی اے ہاسٹل کوئٹہ میں جمعیت علماء اسلام کے صوبائی جنرل سیکرٹری نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی ملک سکندر خان ایڈووکیٹ کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ اجلاس میں پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری نو منتخب ایم پی اے نصراللہ خان زیرے ، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے یونس بلوچ ، ہمایوں خان الکوزئی ایڈووکیٹ ، نسیم الرحمن ملاخیل ، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء سربلند خان جوگیزئی ،عصمت اللہ خان کاکڑ ، نیشنل پارٹی کے نیاز بلوچ ، حاجی عطاء محمد بنگلزئی ، منصور بلوچ ، جمعیت علماء اسلام کے سید جانا ن آغا، مولانا رمضان ہاشمی اور دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں آل پارٹیز کانفرنس منعقدہ اسلام آباد کے فیصلوں کے مطابق آج بروز جمعرات9اگست صبح 11بجے صوبائی الیکشن کمشنر کے دفتر کے سامنے الیکشن میں اسٹیبلشمنٹ کی واضح مداخلت ، الیکشن کے نام پر سلیکشن اور تاریخی دھاندلی کے خلاف تمام پارٹیوں کے امیدواران برائے صوبائی اسمبلی اور کارکنا ن کا مشترکہ پرامن احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔مظاہرے کی کامیابی کیلئے سب کمیٹی کا اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں مختلف امور زیر غور لایا گیا اور مظاہرے کیلئے لائحہ عمل طے کیا گیا ۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ 25اگست کو تاریخی دھاندلی کرکے اپنے من پسند پارٹیوں اور امیدواروں کو کامیاب کیا گیا جس کے خلاف ملک گیر سطح پر آل پارٹیز کانفرنس اسلام آبادمیں منعقد ہوا جس میں تمام پارٹیوں نے متفقہ طور پر 25جولائی کے انتخابات کو ڈھونگ قرار دیکر اسے یکسر مسترد کردیا اور احتجاجی تحریک کا آغاز کیا ۔ آل پارٹیز میں شامل تمام جماعتوں نے اپنے ان تمام امیدواران جنہوں نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لیا تھا کو تاکید کی کہ وہ مظاہرہ میں بھرپور انداز میں شرکت کرے۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ 25جولائی کے مسترد شدہ انتخابات کے خلاف آل پارٹیز کی جانب سے آج 9اگست بروز جمعرات صوبائی الیکشن کمشنر کے سامنے ہونیوالے پر امن احتجاجی مظاہرے کی بھرپور تائید وحمایت کرتے ہوئے پارٹی کے قومی وصوبائی اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں اور پارٹی کارکنوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ صوبائی الیکشن کمیشن کے سامنے ہونیوالے احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کرے ۔ اس سلسلے میں آج صبح 10بجے دربار میرج ہال ریلوے سٹیشن سے آل پارٹیز کا احتجاجی مظاہرہ روانہ ہوگا جو بعد میں صوبائی الیکشن کمیشن کے سامنے جلسے میں تبدیل ہوگا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کی انتخابات میں کھلی مداخلت اور دھاندلی کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی اور ریاستی اداروں کی یہ مداخلت اگر جاری رہی تو یہ ملک تباہی اور بربادی سے دوچار ہوگا پشتونخوامیپ حالیہ انتخابات کے نتائج کسی صورت تسلیم نہیں کریگی اور جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر ہر جمہوری احتجاج کو دوام ددیکر ایک صاف شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کا مطالبہ کرتی ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ حقیقی سیاسی جمہوری قوتوں کو پارلیمنٹ اور حکومت سے دور رکھ کر درحقیقت اسٹیبلشمنٹ ہی ملک کو مزید مسائل میں دھکیلنے کی ذمہ دار ہے۔ کیونکہ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے نتیجے میں ہمیشہ حقیقی سیاسی جمہوری قوتیں ہی کامیاب ہوتی رہی ہے لیکن اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت اور جانبداری کے باعث ہی ایسے عناصر برسراقتدار آتے رہے ہیں جنہوں نے 70سال سے ملک کو ترقی دینے کی بجائے مسائل میں جھکڑا رکھا ہے ۔