ماضی، حال اور مستقبل کا بغور جائزہ لینے سے بات واضح ہوجاتی ہے کہ موجودہ پل پل بلدتی دنیا غیر معمولی رفتار سے تبدیل ہورہی ہے ،محمد خان اچکزئی

  • August 8, 2018, 10:50 pm
  • National News
  • 122 Views

کوئٹہ(خ ن) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ماضی، حال اور مستقبل کا بغور جائزہ لینے سے بات واضح ہوجاتی ہے کہ موجودہ پل پل بلدتی دنیا غیر معمولی رفتار سے تبدیل ہورہی ہے لہٰذا ضروری ہے کہ ہم بدلتے ہوئے چیلینجز سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہوں اورمیڈیکل ، انجینئرنگ اور سرجری میں نئی تحقیق اور معلومات سے خود کو لیس کرتے رہیں ۔ اس طرح ہمارے نوجوان پیشہ وارانہ مہارت حاصل کرنے کے قابل ہوجائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز کوئٹہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ( قمز ) کے دوسرے کانو وکیشن 2018 کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سرجن جنرل پاکستان آرمی لیفٹیننٹ جنرل زاہد حامد ( ستارہ امتیاز ) ، وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال ، پرنسپل قمز کالج پروفیسر ڈاکٹر ارباب عبدالودودکے علاوہ طلبہ اور والدین کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔ قمز کے دوسرے کانووکیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے پاک فوج کی گرانقدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک کاوشوں کی بدولت بلوچستان میں میڈیکل کی تعلیم کے اعلیٰ ادارہ کا قیام عمل میں آیا جس سے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء و طالبات مستقل قریب میں دکھی انسانیت کی خدمت کی مثال قائم کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کا اصل مقصد کردار سازی اور اخلاق سنوارنا ہے اس ضمن میں ضروری ہے کہ آپ اپنے پیشے کے ساتھ وفاداری کو قائم رکھیں اورپیشہ ورانہ حلف پر پورا اتریں۔ اپنے اعمال و افعال میں سچے رہیں اور اپنے ایمان کو محفوظ رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان طبقہ کو اس بات پر یقین رکھنا چاہیئے کہ ان کا مستقبل ، حال سے اسطرح مختلف ہوگاجیسے ان کا حال ان کی ماضی سے مختلف ہے ۔ گورنر بلوچستان نے فارغ التحصیل ہونے والے گریجوئیٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ آپ کی انتھک محنت اور کامیابی ہے جس نے آج ہمیں یہاں مجتمع ہونے کا موقع فراہم کیا ۔ نئے فارغ التحصیل ہونے والے گریجوئیٹس سے ہم نے بہت سے توقعات باندھی ہیں اور آپ نے کئی چیلنجوں کا کامیابی سے سامنا کیا ہے اور اب اس یقین کا اظہار کیا جاسکتا ہے ہے کہ مستقبل میں آپ اپنے عزیزوں ، برادری ، قوم اور ملک کیلئے قابل فخر ثابت ہوں گے ۔ گورنر نے پرنسپل قمز ، اساتذہ اور فیکلٹی سربراہوں کوبھی مبارک باد دی جن کی انتھک کاوشوں ، محنت اور قابلیت کے باعث آپ نے کامیابی حاصل کی اور آج کی پرو قار تقریب کا انعقاد ممکن ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ ان اساتذہ اور ماہرین کی خدمات ، تحقیق اور غیر متزلزل تعاون کے باعث ہی آپ معاشرے کی خدمت او ر عوام کی زندگی میں بہتری لانے میں کردار ادا کرسکیں گے ۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ کانووکیشن ایک ایسا موقع ہے جب آپ اپنے اساتذہ کی خدمات کا اعتراف کرنے کے ساتھ ساتھ آئندہ کے اہداف کے حصول کا جائزہ لیتے ہیں ۔ یہ ایک ایسا موقع ہے جب انفرادی صلاحیتوں کو بھی پرکھتے ہیں اور اجتماعی طور پر اپنی تعمیر و ترقی میں دوسرے کے کردار کا بھی جائزہ لیتے ہیں ۔ یہ وقت اور موقع تیزی کے ساتھ آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتا ہے ۔ سرجن جنرل پاکستانی آرمی لیفٹیننٹ جنرل زاہد حامد ( ستارہ امتیاز ) اور پرنسپل کوئٹہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ارباب عبدالودود نے بھی شرکاء سے خطاب کیا اور قمز کے دوسرے کانووکیشن 2018 پر روشنی ڈالی بعد ازاں گورنر بلوچستان نے قمز کے فارغ التحصیل ہونے والے گریجو ئیٹس میں گولڈ میڈل اور اسناد تقسیم کیں ۔