سانحہ 8اگست 2016ء کا زخم آج بھی ہمارے دلوں میں تازہ ہے ،نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین مری

  • August 7, 2018, 10:41 pm
  • National News
  • 95 Views

کوئٹہ(خ ن)نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے کہا ہے سانحہ 8اگست 2016ء کا زخم آج بھی ہمارے دلوں میں تازہ ہے بزدل دہشت گردوں نے ہمارے پڑھے لکھے طبقے کو نشانہ بنا کر ہمارے دل پر کاری وار کیا تھا تاہم اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہماری سیکیورٹی فورسز نے سانحہ کے ذمہ دار عناصر اور ان کے سہولت کاروں اور ماسٹر مائنڈ کو کیفرکردار تک پہنچادیا ہے جو شہداء کے لواحقین اور ہم سب کے لئے باعث اطمینان ہے، سانحہ 8اگست کے شہداء کی دوسری برسی پر جاری کئے گئے اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ایک گہری سازش کے تحت اندرونی اور بیرونی دشمن قوتیں پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لئے دہشت گردی کی کاروائیاں کروارہی ہیں اسی تناظر میں بلوچستان میں بھی پڑھے لکھے طبقے، عام شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کو دہشت گردی کا نشانہ بناکر امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی کوششیں کررہی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے آپریشن ردالفساد کے تحت ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائیاں کررہی ہیں جن کے نتیجے میں دہشت گردوں کی کمرتوڑ دی گئی ہے اور اب بچے کچھے دہشت گرد اپنی موجودگی کو ثابت کرنے کے لئے کمزور اہداف کو نشانہ بنارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گرد اپنی بزدلانہ کاروائیوں کے ذریعہ عوام، حکومت اور سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔وزیراعلیٰ نے وکلاء برادری کے عزم وحوصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے ساتھیوں کی بڑی تعداد میں شہادت کے باوجود وکلاء نے اپنے فرائض کی انجام دہی میں کوئی کمی نہیں آنے دی اور کیسز کی پیروی جاری رکھتے ہوئے انصاف کی فراہمی میں اپنا بنیادی کردار احسن طریقے سے ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے سانحہ 8اگست کے شہداء کے لواحقین کے ساتھ صوبے کے عوام اور اپنی جانب سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔