حالیہ انتخابات کے نتائج کو پاکستان بھر کی جمہوری و سیاسی جماعتوں نے مسترد کردیا ہے،حاصل خان بزنجو

  • August 7, 2018, 10:40 pm
  • National News
  • 104 Views

کوئٹہ(این این آئی)نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس منگل کو مرکزی صدرسینیٹر میرحاصل خان بزنجو کی صدارت میں محمد شہی ہاؤس ایوان قلات میں منعقد ہوا۔ اجلاسمیں پارتی کی مرکزی کمیٹی کے ممبران سندھ و پنجاب وحدت کے صدور کے علاوہ مرکزی کابینہ کے ارکان نے شرکت کی۔ مرکزی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی صدر میرحاصل خان بزنجو نے کہا کہ حالیہ انتخابات کے نتائج کو پاکستان بھر کی جمہوری و سیاسی جماعتوں نے مسترد کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی انتخابی تاریخ کے بدترین انتخابات تھے عوام کے ووٹ کے تقدس کو پامال کرکے اسٹیبلشمنٹ نے من پسند سیاسی جماعتوں کو نوازا ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تو ریکارڈ توڑ دھاندلی کے ذریعے نواب ثناء اللہ خان زہری کے خلاف عدم اعتماد لانے والی پارٹیوں کے امیدواروں کو جتوا کر وفاداری کی اسناد سے نوازا گیا۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کو جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالادستی کی جدوجہد کی پاداش میں سزادی گئی ۔انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن نہیں تھا بلکہ الیکشن کے نام پر عوام کے ساتھ بھیانک مذاق کیاگیا۔ میرحاصل خان بزنجو نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ دھاندلی کے باوجود ملک بھر میں وہ نتائج لانے میں کامیاب نہیں ہوئی جس کی انہیں ضرورت تھی آج بھی آنے والی حکومت شدید مشکلات و مسائل کا شکار ہے اقتصادی صورتحال اور خارجہ پالیسی آج بھی بڑے چیلنج ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے سیاسی و قومی جماعتوں کے ساتھ ملکر انتخابی دھاندلی کے خلاف تحریک چلائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے خلاف ملک بھر کی سیاسی جماعتوں کا ایک ساتھ ہونا خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ اس قدر مضبوط سیاسی حزب اختلاف کی موجودگی میں کٹھ پتلی حکومت کچھ بھی کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کو مزید فعال و متحرک کرنے کیلئے بہت جلد پارٹی کی مرکزی کانگریس طلب کی جائے گی تنظیمی کمزوریوں پر قابو پانے کیلئے کارکنوں کی کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا اور ملک بھر میں پارٹی کی ازسرنو تنظیم کاری کی جائے گی۔اجلاس میں گوادر سے منظور بلوچ ،اشرف حسین اور پنجاب سے رانا علی قیصر کو مرکزی کمیٹی کا رکن منتخب کیا گیا جبکہ رانا علی قیصر کو نیشنل پارٹی انٹرنیشنل سیکرٹریٹ کا سیکرٹری نامزد کردیا گیا ۔اجلاس سے مرکزی رہنما سینیٹر اکرم دشتی ،سینیٹر میر طاہر بزنجو ، سینیٹر کبیر محمد شہی،پنجاب کے صدر ایوب ملک ،ابوالحسن ، سردار کمال خان ،نواب محمد خان شاہوانی ، اشرف حسین ، اسلم بلوچ ، فدا حسین دشتی ، رفیق احمد کھوسہ ، مجید بلوچ ،خیر بخش بلوچ ،عبدالرسول بلوچ ، میراں بخش،پھلین ،عبدالخالق بلوچ ،حاجی عطا محمد اور نیاز بلوچ نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں نیشنل پارٹی پنجاب کے رہنما جمعہ خان امیدوار پی بی 277کے بیٹے تصور حسین کے اغواء کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے فوری بازیاب کرنے کا مطالبہ کیا گیااور کہا گیا کہ الیکشن کے فوراً بعد بھٹہ مالکان نے انتقام کے طور پر پارٹی امیدوار کے بیٹے کو اغواء کیا نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کا دو روزہ اجلاس آج بھی صبح گیارہ بجے مرکزی صدر میرحاصل خان بزنجو کی صدارت میں جاری رہے گا جس میں تنظیمی اور سیاسی صورتحال کو زیر بحث لایا جائے گا۔