احمد علی کہزاد کی شہریت سے متعلق آئینی درخواست پر فیصلہ محفوظ

  • August 6, 2018, 11:10 pm
  • National News
  • 328 Views

کوئٹہ (آئی این پی)بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس جناب جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس جناب جسٹس عبداللہ بلوچ پر مشتمل بینچ نے ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے حلقہ پی بی 26سے نومنتخب امیدوار احمد علی کہزاد کی شہریت سے متعلق آئینی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔گزشتہ روز آئینی درخواست کی سماعت کے موقع پر ایچ ڈی پی کے منتخب امیدوار احمد علی کہزاد اپنے وکیل ہمایوں ترین ایڈووکیٹ کے ہمراہ پیش ہوئے جبکہ ڈپٹی اٹارنی جنرل ،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خلیل الزمان علی زئی ،نادرا کے لاء آفیسر سمیت دیگر بھی موجود تھے سماعت شروع ہوئی تو احمد علی کہزاد کے وکیل ہمایوں ترین ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کا شناختی کارڈ بلاک کرنے سے پہلے نادرا نے اسے کوئی شوکاز نوٹس جاری نہیں کیا تو جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دئیے کہ ہم کیس سے متعلق عبوری حکم کی نوعیت کو دیکھیں گے جبکہ نادرا کے لاء آفیسر کاکہناتھاکہ احمد علی کہزاد کے بلاک شناختی کارڈ کا کیس محکمہ داخلہ میں زیر التواء ہے جسٹس نعیم اختر افغان نے استفسار کیاکہ احمد علی کہزاد کا برتھ سرٹیفکیٹ کب بنایاگیا تو احمد علی کہزاد کے وکیل نے جواب دیاکہ ان کے موکل کا برتھ سرٹیفکیٹ29جون 2004ء کو بناہے بلکہ ان کے موکل ٹاؤن ناظم رہ چکے ہیں اور سال 2013ء کے عام انتخابات میں بھی حصہ لے چکے ہیں ،فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد بینچ نے آئینی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔